[]
تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’ہماری پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ہم ’مائی بہن مان یوجنا‘ شروع کریں گے۔ اس اسکیم کے تحت ہم معاشی طور پر کمزور ماؤں اور بہنوں کے کھاتوں میں براہ راست 2500 روپے ٹرانسفر کریں گے۔‘‘
بہار میں آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سیاسی پارٹیوں نے سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے خواتین کے لیے ایک نئی اسکیم ’مائی بہن مان یوجنا‘ کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت اقتدار میں آنے کے بعد خواتین کو ہار ماہ 2500 روپے دیے جائیں گے۔ ایسا نہیں ہے کہ تیجسوی نے پہلی بار بہار کی عوام کے لیے کوئی انتخابی وعدہ کیا ہے۔ کچھ روز قبل انہوں نے بہار کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ان کی حکومت آنے کے بعد ’200 یونٹ مفت بجلی‘ فراہم کی جائے گی۔
دربھنگہ میں خواتین کے لیے اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’اگر ریاست میں ہماری پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ہم ’مائی بہن مان یوجنا‘ شروع کریں گے۔ ’مائی بہن مان یوجنا‘ کے تحت ہم معاشی طور پر کمزور ماؤں اور بہنوں کے کھاتوں میں براہ راست 2500 روپے ٹرانسفر کریں گے۔ حکومت بنتے ہی ہم ایک ماہ کے اندر اس اسکیم کو شروع کر دیں گے۔‘‘ تیجسوی یادو نے آگے کہا کہ ہم مسلسل ریاست کے دورہ پر رہے ہیں اور ہمارے کارکنان سے جانکاری ملتی رہی ہے کہ عوام بے روزگاری اور مہنگائی سے پریشان ہے۔ ہم نے یاترا کے دوران حکومت کی خامیوں کو اجاگر کرنے کا کام کیا ہے۔ ہم لوگ لگاتار بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔ میں نے نائب وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے 5 لاکھ لوگوں کو نوکری دی۔ 3.5 لاکھ نوکری کا دروازہ کھولا۔ اب نصف آبادی کو عزت و وقار دینا ہوگا اور سماجی انصاف کے ساتھ ہم لوگ معاشی انصاف کریں گے۔
تیجسوی یادو نے اپنے انتخابی وعدے کے حوالے سے کہا کہ بھلے ہی ہماری عمر کچّی ہے لیکن زبان کچّی نہیں ہے۔ ہم جو کر سکتے ہیں وہ کریں گے، ہمیں ایک موقع دیجیے۔ ہم نے راتوں کو گھوم کر انتظام کو بہتر کیا تھا۔ آج نیتی آیوگ کی رپورٹ اٹھا کر دیکھ لیجیے۔ آج بھی نقل مکانی میں بہار نمبر 1 ہے، بے روزگاری میں نمبر 1 ہے۔ ہم کام کرنے والے لوگ ہیں اور ہمارے پاس ویژن ہے، روڈ میپ ہے۔ ہم بہار میں 5 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری لے کر آئے تھے۔ ہم متھلانچل اور سیمناچل کے لیے الگ سے کمیشن کی تشکیل کریں گے تاکہ ان علاقوں میں ترقی ہو سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔