[]
نیویارک: ٹائم میگزین نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوسری بار ’پرسن آف دی ایئر‘ قرار دے دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارہ ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے 5 نومبر کے انتخابات میں نائب صدر کملاہیرس کو شکست دی تھی، انہیں مخصوص سرخ ٹائی اور ایک فکر انگیز پوز کے ساتھ ٹائم میگزین کے سرورق کی زینت بنایا گیا ہے۔
میگزین کے چیف ایڈیٹر سیم جیکبز نے وضاحت کی کہ تاریخی واپسی، غیر معمولی طور پر سیاسی تبدیلی اور دنیا میں امریکہ کے کردار کو تبدیل کرنے کے لیے ٹرمپ کو 2024 کے لیے سال کی بہترین شخصیت قرار دیا گیا۔
اس کا اعلان ہر سال کیاجاتا ہے، جو سال کی سب سے بااثر شخصیت کا اعتراف ہے، ماضی کے فاتحین میں ٹیلر سوئفٹ اور ولادیمیر زیلنسکی کے علاوہ خود ڈونلڈ ٹرمپ شامل ہیں، جنہوں نے یہ اعزاز 2016 میں ہیلاری کلنٹن کو شکست دینے کے بعد حاصل کیا تھا۔
اس بار ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر بے دخلی اور بڑے ٹیرف عائد کرنے کا وعدہ کیا ہے، جس سے نہ صرف امریکی معیشت بلکہ اہم تجارتی شراکت داروں کی معیشتوں کے شدید متاثو ہونے کا خطرہ ہے۔