بالی ووڈ اداکار مشتاق خان کا اغوا – پروگرام کے بہانے دہلی بلا کر کی گئی یہ حرکت

[]

بالی ووڈ اداکار مشتاق خان، جو اکشے کمار کی فلم “ویلکم” اور “استری 2” میں اپنے کردار کے لیے مشہور ہیں، مبینہ طور پر ایک پروگرام شو  میں شرکت کی دعوت کے بہانے اغوا کر لئے گئے اور انہیں 12 گھنٹوں تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

 

ان کے بزنس پارثنر شیوم نے انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے انٹرویو میں دہلی-میرٹھ ہائی وے سے ان کے اغوا کی تفصیلات بیان کیں۔

 

شیوم نے بتایا کہ مشتاق خان کو ایک پروگرام شو کرنے کے لئےدہلی  مدعو کیا گیا تھا، ان کے لیے ہوائی ٹکٹ کا انتظام کیا گیا اور ایڈوانس ادائیگی بھی ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔

 

جب وہ دہلی ایئرپورٹ پہنچے تو انہیں ایک کار میں بٹھایا گیا جو دہلی کے مضافات میں، بجنور کے قریب کسی جگہ لے گئی۔ شیوم کے مطابق، اغوا کاروں نے مشتاق پر تقریباً 12 گھنٹے تک تشدد کیا اور ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔

 

مزید یہ کہ اغوا کاروں نے اداکار اور ان کے بیٹے کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے سے زیادہ رقم نکلوالی۔

 

شیوم نے بتایا کہ مشتاق خان نے صبح کے وقت اذان کی آواز سنی، جس سے انہیں اندازہ ہوا کہ قریب میں ایک مسجد موجود ہے۔ وہ وہاں سے بھاگ نکلے اور لوگوں اور پولیس کی مدد سے گھر پہنچے۔

 

شیوم نے مزید کہا کہ مشتاق اور ان کے گھر والے اس واقعے سے شدید صدمے میں تھے، لیکن مشتاق پختہ ارادہ رکھتے تھے کہ اپنے آپ کو سنبھالنے کے بعد ایف آئی آر درج کروائیں گے۔ گزشتہ روز، شیوم بجنور گئے اور ایک باقاعدہ ایف آئی آر درج کروائی۔

 

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ہوائی ٹکٹ، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور ایئرپورٹ کے قریب سی سی ٹی وی فوٹیج کے ثبوت موجود ہیں۔ مشتاق نے اس علاقے اور گھر کو بھی پہچان لیا جہاں انہیں رکھا گیا تھا۔ شیوم نے امید ظاہر کی کہ پولیس جلد ہی مجرموں کو گرفتار کر لے گی۔

 

حال ہی میں مزاحیہ اداکار سنیل پال کو بھی اسی طرح کے واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔ جب وہ ایک نجی تقریب کے لیے ہریدوار جا رہے تھے تو اغوا کاروں نے انہیں یرغمال بنا لیا اور 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ تاہم، بات چیت کے بعد سنیل پال تقریباً 8 لاکھ روپے ادا کرکے اپنی رہائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *