[]
سنجے ملہوترا کی مدت کار اگلے 3 سالوں کے لیے ہوگی۔ 2022 میں مرکزی حکومت نے ڈپارٹمنٹ آف فنانشل سروسز (ڈی ایف ایس) کے سکریٹری سنجے ملہوترا کو آر بی آئی کے ڈائریکٹر کے طور پر نامزد کیا تھا۔
سنجے ملہوترا کو آر بی آئی کا نیا گورنر بنایا گیا ہے۔ وہ آر بی آئی کے موجودہ گورنر شکتی کانت داس کی جگہ لیں گے۔ شکتی کانت داس نے 6 سال قبل ارجت پٹیل کے اچانک استعفیٰ کے بعد آر بی آئی کے گورنر کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ 10 دسمبر 2024 کو آر بی آئی کے موجودہ گورنر شکتی کانت داس کی مدت کار ختم ہو رہی ہے۔ یعنی سنجے ملہوترا 11 دسمبر کو اپنی ذمہ داری سنبھالیں گے اور ان کی مدت کار اگلے 3 سالوں کے لیے ہوگی۔ واضح ہو کہ 2022 میں مرکزی حکومت نے ڈپارٹمنٹ آف فنانشل سروسز (ڈی ایف ایس) کے سکریٹری سنجے ملہوترا کو ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے ڈائریکٹر کے طور پر نامزد کیا تھا۔ اب انھیں آر بی آئی گورنر عہدہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
سنجے ملہوترا 1990 بنچ کے راجستھان کیڈر کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ وہ نومبر 2020 میں آر ای سی کے چیئرمین اور ایم ڈی بنے تھے۔ اس سے قبل وہ وزارت توانائی میں ایڈیشنل سکریٹری کے عہدے پر بھی کام کر چکے تھے۔ سنجے ملہوترا نے اپنی انجینئرنگ کی ڈگری آئی آئی ٹی کانپور سے حاصل کی ہے۔ کانپور میں ہی پرنسٹن یونیورسٹی سے ماسٹرز مکمل کیا۔ گزشتہ 30 سالوں سے میں ملہوترا نے پاور، فنانس، ٹیکسیشن، آئی ٹی اور مائنز جیسے محکموں میں اپنی خدمات دی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ریزرو بینک کا کام سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹرز دیکھتا ہے۔ چونکہ سنجے ملہوترا کو اس کا پہلے سے ہی تجربہ ہے، اس لیے حکومت نے انہیں گورنر کے عہدے پر فائز کیا ہے۔ بورڈ کی تشکیل حکومت کے ذریعہ ریزرو بینک آف انڈیا ایکٹ کے تحت کی جاتی ہے۔ حکومت 4 سال کے لیے ڈائریکٹر کی تقرری یا نامزدگی کرتی ہے۔ بورڈ کے دو حصے ہوتے ہیں، پہلا آفیشیل ڈائریکٹر جس میں فل ٹائم گورنر اور زیادہ سے زیادہ 4 ڈپٹی ڈائریکٹرز پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ 2 سرکاری افسران سمیت کل 10 ڈائریکٹرز کو غیر سرکاری ڈائریکٹر کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔ دیگر میں 4 علاقائی بورڈز سے 4 ڈائریکٹرز شامل کیے جاتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔