کربلا (ن) سفیر ٹی وی کے ان پٹ ایڈیٹر، سید عبداللہ، نے کربلا میں حضرت عباس علیہ السلام کے حرم میں موجود میڈیا ٹیم کے چیف ڈاکٹر علی البدری سے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “حرم حضرت عباس علیہ السلام کی جانب سے ہم آپ کا خیرمقدم کرتے ہیں اور آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ اربعین کے موقع پر عتبات عباسیہ میں بے شمار خدمات انجام دی جاتی ہیں، اور اس سال بھی مختلف ممالک سے میڈیا وفود اس عظیم موقع کی کوریج کے لیے آئے ہیں تاکہ عراقی عوام کی زائرین کے لیے خدمات کو دنیا بھر میں دکھایا جا سکے۔
سید عبداللہ نے مزید کہا کہ “الحمدللہ ہر سال امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ عراقی عوام کی محبت اور خدمت کے جذبے کو آپ نے خود دیکھا ہوگا کہ کس طرح سے وہ موکب لگاتے ہیں اور امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی خدمت کو اپنا شرف سمجھتے ہیں۔”
انہوں نے زور دیا کہ “عراقی جوان اور عوام یہ نہیں دیکھتے کہ زائرین کہاں سے آئے ہیں یا کس ملک سے تعلق رکھتے ہیں، بلکہ وہ دو چیزوں پر توجہ دیتے ہیں: پہلی یہ کہ امام حسین علیہ السلام کے زائرین آ رہے ہیں، اور دوسری یہ کہ ہم امام حسین علیہ السلام کے زائرین کے خادم ہیں۔”
جب ان سے غزہ اور فلسطین کے حوالے سے سوال کیا گیا کہا کہ “آج کے دور میں مظلوم کی حمایت کرنا ہماری ذمہ داری ہے، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو۔ امام علی علیہ السلام نے اپنے فرزندوں کو نصیحت کی تھی کہ مظلوم کے حامی رہو اور ظالم پر غضبناک رہو۔ غزہ اور فلسطین کے عوام بھی مظلوم ہیں، اور ان کی حمایت ہر مسلمان پر واجب ہے۔”
انٹرویو کے اختتام پر، انہوں نے حرم حضرت عباس علیہ السلام کے میڈیا انچارج کی کاوشوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو دنیا بھر میں پہنچانے میں ان کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے۔