شہید ابراہیم رئیسی ایران وامت مسلمہ کی خدمت میں مسلسل مصروف عمل رہے: آقای مہدی مہدوی پور

شہید ابراہیم رئیسی ایران وامت مسلمہ کی خدمت میں مسلسل مصروف عمل رہے:
آقای مہدی مہدوی پور
مجلس سوم اور جلسہ تعزیت میں مقررین نے شھداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
دهلی 26 مئی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ہیلی کاپٹر سانحہ میں جاں بحق ہونے والے ان کے رفقاء کی یاد میں آل انڈیا شیعہ کونسل ، اھل بیت کونسل انڈیا اور علماء دہلی کی جانب سے مجلس سوم اور جلسہ تعزیت میں ھندوستان میں ایران کے سپریم لیڈر آیة اللہ خامنہ ای کے نمائندے آقای مہدی مہدوی پور نے اپنی تقریر میں کہا کہ صدر ایران شہید سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے مملکت ایران اور امت مسلمہ بالخصوص فلسطین اور غزہ کے مظلوموں کی حمایت میں دن رات انتھک محنتیں کی ہیں اور یہی وجہ ہے اس سانحہ پر پوری امت مسلمہ غمزدہ ہے۔
مولانا شیخ ممتاز علی امام جمعہ امامیہ ہال نے کہا کہ اس سانحہ سے دور دور تک رنج وغم کی لہر دوڑ گئی اور ھندوستان سمیت دنیا بھر میں ان شھداء کیلئے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
مولانا محسن تقوی امام جمعہ شیعہ جامع مسجد کشمیری گیٹ نے اس موقع پر کہا کہ شہید ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء نے جو کردار امت اسلام کی فلاح وبہبود اور فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں ادا کیا ہے وہ مثالی ہے۔
مولانا سید شمشاد احمد رضوی نے اپنی تقریر میں کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ کچھ لوگ اس سانحہ پر خوشی منا رہے ہیں یہ یہ ان لوگوں کی مانند ہیں جو قتل فرزند رسول الثقلین امام حسین پر خوش تھے انہوں نے شھداء کیلئے منظوم نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا۔
مولانا محمد رضا غروی صدر اھل بیت کونسل نے کہا: ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان شجاعت و ہمت اور اخلاق کا پیکر تھے۔
ناظمِ جلسہ مولانا جنان اصغر مولائی صدر آل انڈیا شیعہ کونسل نے رہبر انقلاب اسلامی آیة اللہ خامنہ ای کی قوت قلب اورسلامتی کیلئے دعا کراتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی، شہید محسن فخری زادہ، شہید جنرل زاھدی کی شہادت کے بعد رہبر معظم کیلئے ایسے عظیم ساتھیوں کو کھو دینا بڑا صدمہ ہے ۔
شاعر اھل بیت حکیم ضرغام نے شھداء کیلئے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا
کانفرنس میں کثیر تعداد میں علماء کرام اور مومنین نے دہلی کے مختلف علاقوں سے مجلس میں شرکت فرمائی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *