[]
حیدرآباد: حیدرآباد سے بی جے پی امیدوار کومپیلا مادھوی لتا کے پرچہ نامزدگی کے وقت پارٹی کے گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی غیر موجودگی بحث موضوع بن گئی۔ اگرچہ مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر، مادھوی لتا کی پرچہ نامزدگی کے موقع پر نکالی گئی ریالی میں شریک تھے۔
لیکن ایم ایل اے راجہ سنگھ کہیں نظر نہیں آئے جبکہ انہوں نے رام نومی اور ہنومان جینتی کے موقع پر نکالی گئی ریالیوں میں حصہ لیا تھا لیکن راجہ سنگھ،مادھوی لتا کی مہم، جلسوں اور میٹنگوں میں نظر نہیں آ رہے ہیں۔ ہنومان جینتی ریالی میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ جہاں انہیں کام کرنے کا حکم دیا گیا ہے وہ وہیں کام کریں گے۔
لیکن راجہ سنگھ کا حیدرآباد پارلیمنٹ حلقہ کے گوشہ محل اسمبلی حلقہ میں پارٹی امیدوار کی انتخابی مہم میں عدم شرکت بی جے پی میں جاری اختلافات کو ظاہر کرتی ہے جو سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے متنازعہ ایم ایل اے نے اس مہینے کے آغاز پر نامپلی کے نمائش میدان میں منعقدہ بوتھ سطح کے کارکنوں کی میٹنگ میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔
حالانکہ پارٹی نے ماضی میں حیدرآباد پارلیمنٹ کا انچارج راجہ سنگھ کو بنایا تھا لیکن انہوں نے اس پر زیادہ توجہ نہیں دی۔ ایسا لگتا ہے کہ جب سے مادھوی لتا کو حیدرآباد سے پارٹی امیدوار بنانے کا اعلان کیا گیا ہے تب سے راجہ سنگھ نے سیاسی سرگرمیوں سے دوری اختیار کر لی ہے۔