[]
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیراعلی ریونت ریڈی نے مرکزکی بی جے پی حکومت پر ریزرویشن پالیسی کوختم کرنے کا الزام لگایا۔ بی جے پی کے دس سالہ دور حکومت پر عوامی چارج شیٹ جاری کی گئی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں بی جے پی اگرکامیاب ہوتی ہے تو وہ ریزرویشن کے حقوق کو ختم کردے گی۔
اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو وہ ریزرویشن کو جاری رکھاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ ریزرویشن چاہتے ہیں وہ کانگریس کو ووٹ دیں اور جو نہیں چاہتے وہ بی جے پی کو ووٹ دیں۔انہوں نے بی جے پی پر آر ایس ایس کے ایجنڈے کو نافذ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ مرکزی حکومت نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایس سی اور ایس ٹی او بی سی تحفظات کو منسوخ کرنے کی سازش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کا نظریہ تحفظات کو ختم کرنے کا ہے۔انہوں نے مودی پر الزام لگایا کہ انہوں نے قرض کے بحران میں ملک کو دھکیل دیا ہے۔
2014 سے اب تک مودی نے 113 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر 168 لاکھ کروڑ کا قرض کا بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جی ایس ٹی کے نام پر ٹیکس لگا کر لوٹ رہی ہے۔ مودی نے بچوں کی پنسلوں پر بھی جی ایس ٹی لگا دیا ہے۔
مودی حکومت اڈانی، امبانی کے دباؤ کے سامنے جھک گئی ہے۔ 10 سالوں میں حکومت نے کئی سرکاری اداروں کو کارپوریٹ اداروں کو فروخت کردیا۔ پٹرول کی قیمت جو 50 روپے تھی آج 110 روپے ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مودی دوبارہ برسراقتدارآئیں گے تو ملک تباہ ہو جائے گا، بی جے پی نے ملک کی دولت کو لوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ملک اور اس کی دولت کی حفاظت کے لیے لڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے دس سالوں میں 20 کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن صرف 7 لاکھ نوکریاں دی گئی ہیں، انہوں نے الزام لگایا کہ دہلی کی سرحد پر 16 ماہ تک لاکھوں کسانوں نے دھرنا دیا۔ اے آئی سی سی کی سکریٹری دیپاداس منشی، وزراء کومٹ ریڈی، بھٹی وکرامارکا،پونم پربھاکر اور کئی کانگریسی لیڈروں نے اس پروگرام میں شرکت کی۔