[]
ممبئی: ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے بالی ووڈ کے سوپر اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ میں مبینہ طو رپر مستعملہ اسلحہ کی برآمدگی کے لیے تلاشی مہم کے دوران گجرات کے تاپی دریا سے دو پستول، میگزین اور کارتوس برآمد کیے۔
ایک عہدیدار نے کہا کہ کرائم برانچ نے پیر سے آغاز کردہ تلاشی مہم کے دوران دو پستول، تین میگزین اور 13کارتوس برآمد کیے۔ ”انکاؤنٹر اسپیشلسٹ“ سینئر پولیس انسپکٹر دیا نائیک سمیت 12عہدیداروں کی ٹیم ہنوز موقع پر ہی موجود ہے۔
غوطہ خوروں کی مدد سے تلاش جاری ہے۔ واضح رہے کہ 14/ اپریل کو دو گرفتار ملزمین وکی گپتا (24) اور ساگر پال (21) نے ممبئی کے باندرا علاقہ میں واقع 58 سالہ خان کی رہائش گاہ گیالکسی اپارٹمنٹ کے باہر مبینہ طور پر فائرنگ کی تھی۔
تکنیکی نگرانی کی بنیاد پر ممبئی اور کچھ پولیس کی مشترکہ ٹیموں نے انہیں 16/ اپریل کو گجرات کے بھوج ٹاؤن کے قریب ماتا نو مدھ کے مندر سے گرفتا ر کیا تھا۔ بعد ازاں مزید تحقیقات کے لیے انہیں ممبئی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پوچھ تاچھ کے دوران دونوں نے پولیس کو بتایا کہ فائرنگ کے بعد ممبئی سے بذریعہ سڑک سورت پہنچنے کے بعد جب وہ بذریعہ ٹرین بھوج فرار ہورہے تھے تو ریلوے پل سے ہتھیار تاپی دریا میں پھینک دیے۔ دونوں کا خان کے گھر کے باہر فائرنگ کا بنیادی مقصد بادی النظر میں ”دہشت“ پیدا کرنا ہے۔
ممبئی پولیس نے اس کیس کے سلسلے میں جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کو ”مطلوم ملزمین“ قرار دیا۔ گپتا اور پال کو بشنوئی برادران سے ہدایات مل رہی تھیں۔