[]
منگل کی شام دہلی-این سی آر میں موسم نے اچانک کروٹ بدلی، آسمان میں سیاہ بادل چھا گئے اور کچھ دیر بعد تیز ہوا کے ساتھ بارش بھی شروع ہو گئی۔
دہلی میں آج لوگوں کو شدید گرمی سے اس وقت نجات ملی جب بوقت شام تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی ہوئی۔ دہلی-اینس ی آر میں پیر کی صبح میں بھی موسم کچھ خوشگوار ہوا تھا، لیکن منگل کی شام کو بارش کی بوندوں کی شکل میں راحت برستی ہوئی دکھائی دی۔ آج دوپہر تک تیز دھوپ اور گرم ہوا چلنے سے لوگ انتہائی پریشان نظر آئے، لیکن شام ہوتے ہوتے موسم نے اچانک کروٹ بدلی۔ آسمان میں سیاہ بادل چھانے لگے، اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے تیز ہوائیں بھی چلنے لگیں۔ کچھ دیر بعد ہی گرج کے ساتھ بارش شروع ہو گئی۔ اس رحمت کی بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے لوگ اپنے گھروں کی بالکنی اور آنگن میں نکل آئے۔
قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی یہ پیشین گوئی کر دی تھی کہ دہلی-این سی آر میں 23 اپریل کو تیز ہوا کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق 24 اور 25 اپریل کو دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں موسم صاف رہے گا، پھر اس کے بعد 29 اپریل تک دن میں تیز ہوا چل سکتی ہے۔ یعنی آنے والے کچھ دنوں تک دہلی کے باشندوں کو شدت والی گرمی سے نجات ملی رہے گی۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی کئی ریاستوں میں اس وقت شدید گرمی پڑ رہی ہے اور ہیٹ ویو کا الرٹ محکمہ موسمیات نے جاری کر رکھا ہے۔ خصوصاً بہار اور اتر پردیش میں ریکارڈ توڑ گرمی پڑ رہی ہے۔ آنے والے کچھ دنوں تک اس گرمی سے راحت ملتی ہوئی بھی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ حالانکہ امید کی جا رہی ہے کہ آنے والے کچھ دنوں میں موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔