[]
مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایرانی صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر بہت ناز ہے، صیہونی قوتوں کیخلاف پاکستان کا مؤقف قابل دید ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کے درمیان گہرا تعلق ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کا بھی مؤقف ہے فلسطینی جیت سے ہمکنار ہونگے، فلسطینیوں پر ظلم کرنیوالے اسرائیلی شکست سے دوچار ہوں گے۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی جیسا احساس نہیں ہوا، پاک ایران رشتہ وقت کیساتھ مزید مضبوط ہوگا، میری خواہش تھی کہ پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری پاکستان اور ایران کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے، ایرانی سپریم لیڈر کی جانب سے پاکستان اور لاہور کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو نئی راہیں دکھائیں، علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ اہل پاکستان کو خصوصی طورپر سلام پیش کرتاہوں، ان شاء اللہ پاکستان اور ایران کے عوام کے دل ہمیشہ جڑے رہیں گے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات بھی درج کئے۔
یاد رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی آمد کے موقع پر لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی ہے، شہریوں سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
سی ٹی اولاہور کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں مقامی تعطیل ہے، ایسے میں شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق شہریوں سے مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ روڈ پر غیر ضروری سفر سے اجتناب کی اپیل کی گئی ہے۔ شہری گریٹراقبال پارک، لاری اڈہ، لوئرمال پر بھی غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔