واشنگٹن: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ میں شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد شخصیات کے مہنگے اور پُرتعیش گھر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔
نیوز چینل سی این این کے لائیو شو میں آسکر ایوارڈ کے لیے 2 بار نامزد ہونے والے اور 3 ایمی ایوارڈز کے فاتح جیمز ووڈ یہ بتاتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے کہ ان کا عالیشان گھر جل کر خاکستر ہوگیا۔
جیمز ووڈ کا گھر بھی لاس اینجلس کے جنگلات سے گھرے پُرفضا مقام پیسیفک پیلیسیڈز پر واقع تھا جو دیگر متعدد شوبز ستاروں کا بھی مسکن ہے۔ جیمز ووڈ نے انٹرویو میں کہا کہ یہ کیسا المیہ ہے، ایک دن آپ گھر کے سوئمنگ پول میں نہا رہے ہوتے ہیں اور اگلے ہی روز پورا گھر راکھ کا ڈھیر بن جاتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ وہی امریکی اداکار ہیں جنھوں نے غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی نسل کشی پر حوصلہ افزائی کی تھی۔
جیمز ووڈ نے اُس وقت اپنی ٹوئٹس میں لکھا تھا کہ ان سب کو مار ڈالو، شاباش نیتن یاہو، آپ نے امریکی کٹھ پتلیوں کی ایک نہ سنی۔ حملے جاری رکھیں۔ سی این این انٹرویو میں جیمز ووڈ کی روتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے اداکار کو یاد دلایا کہ کس طرح وہ مجبور اور بے کس غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم پر خوش ہوا کرتے تھے۔
سوشل میڈیا صارفین نے پوچھا کہ ظلم کی حمایت کرنے پر پچھتاوا تو ہوتا ہوگا؟ بے گھر ہونے کی تکلیف اور اپنے گھر کو اپنے سامنے جلتا دیکھ کر فلسطینی یاد تو آتے ہوں گے۔