[]
حیدرآباد: دکان سے کیبل کی تاروں کی چوری کی واردات کا انکشاف ہونے کے ڈرسے ایک چور نے لڑکے کا قتل کردیا اوربعد ازاں خودکشی کرلی۔
یہ واردات تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی کے جوگی پیٹ میں پیش آئی۔ پولیس کے مطابق ناگاراجو نے جوگی پیٹ کی ایک دکان سے کیبل کی تاروں کی چوری کی تھی۔
اس واردات کو13سالہ شیکھرنامی لڑکے نے دیکھ لیا۔ناگاراجو کو شک تھا کہ یہ لڑکا اس واردات کے بارے میں دکا ن مالک سے کہہ دے گا۔
اس نے لڑکے کو بات کرنے کے بہانے طلب کرتے ہوئے اس کا قتل کرکے لاش کو کنویں میں پھینک دیا۔
اس نے گزشتہ رات ایک تاجر پر رقم طلب کرنے پر چاقو سے حملہ بھی کردیا۔ جب پولیس ناگاراجو کو گرفتار کرنے پہنچی تو وہ خوفزدہ ہو کر سیل ٹاور پر چڑھ گیا۔
اس نے بتایا کہ چوری کی واردات میں اس کے ملوث ہونے کی اطلاع پر ہی اس نے لڑکے کو قتل کرکے اس کی لاش کو کنویں میں پھینک دیا۔ پولیس نے لڑکے کی لاش کو کنویں سے نکال لیا۔
پولیس نے ناگاراجو کونیچے اتارنے کی کافی کوشش کی تاہم اس میں اسے ناکامی ہوئی اور ناگاراجو نے سیل ٹاور کی تاروں سے لٹک کر خودکشی کر لی۔
ناگاراجو کے خلاف قبل ازیں بھی کئی مقدمات درج ہیں۔ مقامی افرادکا کہنا ہے کہ وہ تاجروں اور دکانداروں کو لوٹا کرتا تھا۔