[]
سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت نے نہیں چاہا کہ ہم ایک ساتھ چل کر لوگوں کو در پیش مسائل کو حل کریں انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی ختم نہیں ہوئی ہے بلکہ لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے ان کا کہنا تھا: ‘پی ڈی پی نے ٹاسک فورس اور اخوان کو ختم کیا اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع کرایا’۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے کوکر ناگ علاقے میں ایک ریلی کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ہم نے چاہا تھا کہ ہم نیشنل کانفرنس اور دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر چلیں کیونکہ لوگوں کو اس کی ضرورت تھی، ہم مصیبت میں ہیں، ہمارے نوجوان جیلوں میں بند ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘لیکن بد قسمتی سے نیشنل کانفرنس کی قیادت نے ایسا نہیں چاہا جبکہ اس کے ورکر چاہتے ہیں کہ ہم ایک ساتھ چلیں’۔
محبوبہ مفتی نے کہا: ‘نیشنل کانفرنس نے کہا کہ پی ڈی پی ختم ہوئی ہے، پی ڈی پی وہ جماعت ہے کہ جس نے ٹاسک فورس کو ختم کیا، اخوان کو ختم کیا، راستے کھولے اور ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع کرایا’۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی لوگوں کے دلوں میں ابھی بھی زندہ ہے جس ثوبت یہ ہے کہ آج یہاں لوگوں کا سیلاب امڈ آیا ہے۔