[]
ریاض ۔ کے این واصف
سعودی عرب ورثے سے مالا مال علاقوں، ثقافتی منظر نامے کی سیاحت اور عالمی سطح کے پروگراموں میں شرکت کے لیے تنہا سفر کرنے والی ٹورسٹ خواتین کی پرکشش منزل کے طور پر ابھر رہا ہے۔عرب نیوز کے مطابق مملکت کو بین الاقوامی طور پر محفوظ ترین جی-20 ملک کا درجہ ملا ہے جبکہ مدینہ شہر کو مسلسل تیسرے سال ’InsureMyTrip‘ کے حوالے سے خواتین کے تنہا سفر کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ حفاظتی درجہ دیا گیا ہے۔
“ٹور گائیڈز کارپوریٹو” کی بانی رکن رفح شاوش نے تنہا سفر کرنے والی خواتین سے کہا ہے کہ جہاں آپ جانا چاہتی ہیں پرسکون ذہن اور کھلے دل سے دنیا بھر کی سیر کریں۔سعودی عرب آنے والی زائر خواتین کے سامنے ٹور گائیڈ کے طور پر رفح شاوش نئے تجربات کے لیے مملکت کا بہترین تصور پیش کرتی ہیں۔رفح نے کہا ہے کہ مملکت کی مقامی روایات اور مہمان نوازی کو ملحوظ رکھتے ہوئے مساجد کا رخ کرتے وقت لباس پر توجہ دیں اور سعودی عرب میں اپنے پرتپاک استقبال سے لطف اندوز ہوں۔
سعودی ٹور گائیڈ نے مزید کہا کہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے مملکت کو منزل تصور کرنے کی ایک اہم وجہ سعودی عرب میں خواتین کی حفاظت کا عزم ہے۔
مملکت اپنے مہربان اور فیاض عوام کی مہمان نوازی کی بھرپور ثقافت کے لیے مشہور ہے، یہاں کے مقامی شہری سیاحت کے لیے آنے والوں کو پرتپاک استقبال کے ساتھ یقینی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔سعودی عرب بحیرہ احمر کی خوبصورتی سے لے کر عسیر ریجن کے پرفضا اور سرسبز پہاڑوں کی سیر کے تجربات پر فخر محسوس کرتا ہے اور ایسے تنہا مسافروں کو پرلطف چھٹیاں گزارنے کی پیشکش کرتا ہے جو آرام اور سکون کی خواہش رکھتے ہیں۔سعودی ٹور گائیڈ نے بتایا ہے کہ مملکت میں زائرین کے لیے زندگی کی رعنائیوں سے بھرپور شہروں سے لے کر پُرسکون صحراؤں کی سیاحت کے مواقع دستیاب ہیں۔
خاتون مسافر راشا نے بتایا ہے کہ تنہا سفر مختلف ثقافتوں کی تلاش کے لیے اپنے اندر نیا اعتماد پیدا کرنے اور نقطہ نظر کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔عرب نیوز نے چند زائر خواتین جنہوں نے سعودی عرب کا تنہا سفر کیاہے کے بیان بھی شائع کئے ہیں۔واضح رہے کہ مملکت کی سیاحت کے لیے متعدد ویزا پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔ ای- ویزا پروگرام کے تحت 63 ممالک اور خصوصی انتظامی علاقوں سمیت امریکہ، برطانیہ اور شینگین ممالک کا ویزا رکھنے والے سیاح شامل ہیں۔