[]
نظام آباد:20/اپریل (اردو لیکس) نظام آباد اربن ایم ایل اے بی جے پی پارٹی مسٹر دھنپال سوریہ نارائنا نے بی آر ایس اور کانگریس پارٹیوں کو بدعنوان پارٹی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ملک بھر میں کئے گئے سروے کے مطابق پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی پارٹی 400حلقوں سے شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔
مسٹر دھنپال سوریہ نارائنا نے ضلع بی جے پی پارٹی آفس میں صحافتی کانفرنس سے مخاطب تھے کہا کہ 50تا 60سال اقتدار پر رہنے والی کانگریس پارٹی کے دورِ حکومت میں کئی ایک بد عنوانیاں کی گئی۔انہوں نے کہاکہ کانگریس مرکز میں برسراقتدار آنے پر سی اے اے پر عمل نہ کرنے اور آرٹیکل 370 کا دوبارہ نفاذ عمل میں لانے کا وعدہ کررہی ہے جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں اور کئی ایک ترقیاتی اقدامات عمل میں لارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت سرجیکل اسٹرائیک جیسے دلیرانہ کاروائی کررہی ہے جبکہ کانگریس پارٹی میں یہ دم خم نہیں ہے۔ نظام آباد ایم ایل اے دھنپال سوریہ نارائنا نے کہاکہ کانگریس پارٹی تلنگانہ ریاست میں عوام سے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بی آر ایس پارٹی کو ووٹ دینا کے سی آر کے خاندان کو فائدہ ہوگا۔ جبکہ بی جے پی کو ووٹ دینے سے مودی کی گیارنٹی پر عمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے انتخابی منشور عوامی فلاح وبہبودی کے لئے جاری کیا گیا ہے جس سے تمام طبقات کی عوام کے ساتھ انصاف ہوگا۔ انہوں نے پارلیمانی انتخابات میں بدعنوان پارٹی کو مسترد کرنے اور ترقی کیلئے بی جے پی کوووٹ دیکر کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ ا س صحافتی کانفرنس میں ٹاؤن صدر بی جے پی و کارپوریٹر نیالم راجو، بی جے پی فلور لیڈر شراونتی ریڈی و دیگر موجود تھے۔