[]
کوچی: چیف منسٹر کیرالا پی وجین نے راہول گاندھی کو یاد دلایا کہ ان کی دادی نے انہیں دیڑھ سال تک جیل میں رکھا تھا۔ قبل ازیں راہول نے سوال کیا تھا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت سی پی آئی ایم لیڈر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کررہی ہے جیسا کہ اس نے اپوزیشن کے دیگر چیف منسٹرس کے خلاف کیا ہے۔
وجین نے کوہیکوڈ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی پریشان ہیں کہ آخر چیف منسٹر کیرالا سے کیوں پوچھ تاچھ نہیں کی جارہی ہے اور انہیں حراست میں نہیں لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی دادی (اندراگاندھی) نے ہمیں دیڑھ سال تک جیل میں رکھا تھا۔
(دوران ایمرجنسی) انہوں نے سارے ملک کی آواز دبادی تھی۔ راہول نے جمعرات کے روز کنور میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دو چیف منسٹرس جیل میں ہیں۔ کیرالا میں چیف منسٹر کے ساتھ ایسا کیوں نہیں ہورہا ہے۔
میں بی جے پی کو 24 گھنٹے تنقیدوں کا نشانہ بنارہا ہوں اور چیف منسٹر کیرالا 24 گھنٹے مجھ پر تنقید کررہے ہیں۔ یہ بڑی عجیب بات ہے۔ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ وجین اپنی دختر وینا کی آئی ٹی کمپنی میں غیرقانونی ادائیگیوں کے اسکام کی مرکزی ایجنسیوں کی جانب سے تحقیقات کی وجہ سے وزیراعظم نریندرمودی پر تنقید نہیں کررہے ہیں۔
اس کی ایک وجہ تھریسور میں ایک کوآپریٹیو بینک فنڈ اسکام بھی ہے۔ وجین نے آج کہا ہے کہ وہ کسی بھی تحقیقاتی ایجنسی سے نہیں ڈرتے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے پر ان کے موقف کی وجہ سے راہول پر تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آپ (راہول گاندھی) مخالف سی اے اے احتجاج سے دور کیوں رہے۔