[]
حیدرآباد: تلنگانہ کے بعض اضلاع میں ریکارڈ سطح پر درجہ حرارت درج کیاگیا۔ریاست کے بعض اضلاع میں درجہ حرارت تقریبا 45ڈگری سلسیس درج کیاگیا ہے۔گرمی کی شدت سے عوام کو مشکلات کاسامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کی جانب سے بعض اضلاع کے لئے ایلوالرٹ جاری کیاگیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ دو دنوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ کا امکان ہے اور بیشتر مقامات پر معمول سے دو تا تین ڈگری زائد درجہ حرارت ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔بعض مقامات پر درجہ حرارت 43ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔
منچریال، پداپلی،مُلگ،بھدرادری کوتہ گوڑم،بھوپال پلی کے بشمول بعض مقامات پر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ بھوپال پلی، مُلگ،پداپلی، بھدرادری کوتہ گوڑم،کھمم، نلگنڈہ،سوریا پیٹ، محبوب آباداورکریم نگر اضلاع کے لئے شدید گرمی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
شہرحیدرآباد کے کئی مقامات پر درجہ حرارت تقریبا 40ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔متحدہ عادل آباد ضلع میں درجہ حرارت 44ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔گذشتہ چاردنوں کے دوران ضلع میں گرمی کی شدت برقرارہے۔متحدہ ورنگل، نظام آباد،کھمم اورنلگنڈہ اضلاع میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔دوپہر کے اوقات میں سڑکیں سنسنان نظرآرہی ہیں۔