[]
سہارنپور لوک سبھا حلقے میں کل 5 اسمبلی حلقے ہیں۔ 2022 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے ان میں سے 3 اور سماجوادی پارٹی نے 2 سیٹیں جیتی تھیں۔ بی جے پی نے سہارنپور شہر، دیوبند اور رام پور اسمبلی کی سیٹیں جیتی تھیں جبکہ سہارنپور دیہات اور بیہٹ اسمبلی سیٹیں سماجوادی پارٹی کے حصے میں آئی تھیں۔ اس بار لوک سبھا انتخابات میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد ہے جو کہ 2019 میں نہیں تھا، اس لیے کانگریس امیدوار کی پوزیشن مضبوط سمجھی جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ دو بلیوں کے جھگڑے میں عام طور پر چوہا نکل کر بھاگ جاتا ہے لیکن چوہے کو بھاگنے کے لیے ضروری ہے کہ اس میں نکل بھاگنے کی طاقت ہو اور اس کے لیے کوئی پناہ گاہ بھی ہو۔ کانگریس کے امیدوار نے ہندوؤں میں اپنی مقبولیت کے ذریعے بی جے پی کی پناہ گاہ میں نقب لگا دیا ہے۔ اب کل ووٹنگ کے وقت سہارنپور کے رائے دہندگان کے ویژن کا امتحان ہے کہ وہ اپنے ووٹوں کو ہاتھی کا چارہ بننے دیتے ہیں یا اس سے ’نیائے‘ کے ہاتھ کو مضبوط کرتے ہیں۔