لوک سبھا الیکشن، جمعہ کو پولنگ کا پہلا مرحلہ

[]

نئی دہلی: 8 مرکزی وزرا‘ 2 سابق چیف منسٹرس اور ایک سابق گورنر اُن امیدواروں میں شامل ہیں جو 19 اپریل کو لوک سبھا الیکشن مرحلہ اول میں اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔

جمعہ کے دن 21 ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کے 102 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری‘ناگپور سے ہیٹ ٹرک کرنا چاہتے ہیں۔ 2014 میں انہوں نے 7 مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہے ولاس متیموار کو 2.84لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے ہرایا تھا۔

2019 میں انہوں نے مہاراشٹرا پردیش کانگریس کے موجودہ صدر نانا پٹولے کو 2.16لاکھ ووٹوں سے شکست دے کر یہ نشست برقرار رکھی تھی۔ مرکزی وزیر کرن رجیجو‘ اروناچل ویسٹ سے میدان میں ہیں۔ مرکزی وزیر بندرگاہیں و جہازرانی شربانند سونووال‘آسام کے ڈبرو گڑھ سے دوبارہ لوک سبھا جانا چاہتے ہیں۔

رکن راجیہ سبھا سونووال کو مرکزی وزیرمملکت پٹرولیم و قدرتی گیس رامیشور تیلی کو ٹکٹ سے محروم کرنے کے بعد ڈبرو گڑھ سے میدان میں اتارا گیا۔ مظفر نگر میں جہاں ذات پات کا عنصر غالب رہتا ہے‘ سہ رخی مقابلہ درپیش ہے۔ مرکزی وزیر سنجیو بالیان کا مقابلہ سماج وادی پارٹی کے ہراندر ملک اور بی ایس پی امیدوار داراسنگھ پرجاپتی سے ہے۔

2 مرتبہ رکن پارلیمنٹ اور وزیراعظم نریندر مودی کی کابینہ کے جونیر وزیر جتیندر سنگھ‘ اُدھم پور سے ہیٹ ٹرک کرنا چاہتے ہیں۔ مرکزی وزیر اور رکن راجیہ سبھا بھوپیندر یادو کا مقابلہ کانگریس رکن اسمبلی للت یادو سے ہے جنہیں راجستھان کے ضلع الور میں یادو برادری کی تائید حاصل ہے۔

مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال‘ راجستھان کے حلقہ بیکانیر سے کانگریس کے سابق وزیر گووند رام میگھوال سے مقابلہ کررہے ہیں۔ ٹاملناڈو میں حلقہ لوک سبھا نیلگری میں دلچسپ مقابلہ ہورہا ہے۔

یہاں موجودہ ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ اور سابق وزیر اے راجہ‘ بی جے پی کے ایل مروگن‘ مرکزی مملکتی وزیر سمکیات ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ مروگن پہلی مرتبہ یہاں سے الیکشن لڑرہے ہیں۔ قبل ازیں وہ مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے۔

شیواگنگا کے رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم اُس حلقہ سے دوبارہ پارلیمنٹ جانا چاہتے ہیں جو اُن کے والد پی چدمبرم نے 7 مرتبہجیتا تھا۔ یہاں ان کا مقابلہ ٹی دیوناتھن یادو (بی جے پی) اور زیویر داس (اے آئی اے ڈی ایم کے) سے ہے۔ سابق گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندراراجن‘ چینائی ساؤتھ حلقہ سے میدان میں ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *