[]
ریاض ۔ کے این واصف
ادارہ حرمین میں دینی امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا منصوبہ کامیاب رہا۔ رمضان میں 4 جمعہ کے خطبوں سے دنیا کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں تک پہنچے۔ادارہ امور حرمین کے بیان کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا حرمین شریفین سے جاری ہونے والے اسلام کے اعتدال پسندی کا پیغام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے دنیا بھر میں کامیابی سے منتقل کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا “منار الحرمین” پلیٹ فارم کے ذریعے حرمین سے جاری ہونے والے جمعہ کے خطبات 14 زبانوں میں ترجمہ ہو کر دنیا بھر میں پہنچے جس سے اسلام کا پیغام میانہ روی لاکھوں افراد تک پہنچا ہے۔شیخ السدیس نے کہا 1445ھ مطابق 2024 کے رمضان المبارک میں حرمین شریفین کے لیے جتنے منصوبے بنائے گئے وہ سب کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔
انہوں نے کہااب حرمین شریفین میں ہر قسم کی خدمات جدید ترین ٹیکنالوجی، ڈیجیٹلائزیشن، جدید میڈیا اور سمارٹ ایپلی کیشنز کے ذریعے ممکن ہوچکی ہیں۔ یہ آج کے دور میں سب سے بہترین ذریعہ ہے۔