[]
کانگریس کے حق میں بن رہے ماحول کا ذکر کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے کہا کہ انھوں نے ابھی شمال مشرقی ریاستوں کا دورہ کیا ہے جہاں کانگریس کا انڈر کرنٹ نظر آ رہا ہے۔
نئی دہلی: لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر کانگریس لیڈران کی ریلیاں اور روڈ شو جاری ہیں۔ اس درمیان کانگریس نے پیر کے روز انتخابی تشہیر کے مقصد سے ’ہاتھ بدلے گا حالات‘ نغمہ جاری کر دیا ہے۔ کانگریس اس نغمہ کے ذریعہ پارٹی کے انتخابی منشور میں شامل ’پانچ نیائے‘ کے تحت دی گئی 25 گارنٹیوں کو ملک کی عوام تک پہنچائے گی۔
نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں آج پریس کانفرنس کے دوران پارٹی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش اور کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے یہ نغمہ جاری کیا۔ اس موقع پر جئے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس کی تشہیری مہم کا پہلا مرحلہ ’میرے وِکاس کا دو حساب‘ تھا۔ اس کے بعد کانگریس نے ’ہاتھ بدلے گا حالات‘ مہم شروع کی۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے اپنا ’نیائے پتر‘ جاری کیا تھا، جس میں کانگریس نے ’پانچ نیائے‘ کے تحت 25 گارنٹیاں دیں۔ کانگریس نے اپنی انتخابی تشہیر کو پیش نظر رکھتے ہوئے اب ایک نغمہ تیار کیا ہے جسے آج ریلیز کیا جا رہا ہے۔
کانگریس کے حق میں بن رہے ماحول کا ذکر کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے کہا کہ انھوں نے ابھی شمال مشرقی ریاستوں کا دورہ کیا ہے جہاں کانگریس کا انڈر کرنٹ نظر آ رہا ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں کا سب سے بڑا ایشو یہ ہے کہ وہاں کے لوگوں کے تنوع کو محفوظ کون رکھ سکتا ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں میں جو مذہب، ذات، زبان اور علاقائی بنیاد پر تنوع ہیں، آج ان پر خطرہ منڈلا رہا ہے، وہاں کی عوام سمجھ گئی ہے کہ بی جے پی کو ہٹانے کے لیے متبادل صرف کانگریس ہے۔
اس موقع پر کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے کہا کہ کانگریس کی انتخابی مہم اس انصاف کے پانچ ستون پر مرکوز ہے، جس کا کانگریس نے وعدہ کیا ہے۔ یہ انصاف کے ستون لوگوں سے بات کر ان کے خوابوں اور امیدوں کو دھیان میں رکھ کر تیار کیے گئے ہیں۔ کانگریس ہر اس ایشو کی بات کر رہی ہے جس پر وزیر اعظم نریندر مودی نے لوگوں کو ٹھگا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس آج لوک سبھا انتخاب کے لیے نغمہ جاری کر رہی ہے جس میں کانگریس کی گارنٹیوں کا تذکرہ ہے۔ اس نغمہ کے ذریعہ کانگریس کی گارنٹیوں کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔