[]
حیدرآباد: قائد ِ مقننہ مجلس لیجسلیچر پارٹی اکبر الدین اویسی نے کہا کہ ایم آئی ایم حیدرآباد کے عوام کی شانِ عظمت عزت و وقار کی پاسبان ہے اور حیدرآباد کے عوام کی آواز ہے۔
مجلسی قائدین عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں، حق تلفی کے خلاف اور عوام کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ایوانوں میں بے باکی اور جرأتمندی کے ساتھ آواز بلند کرتے ہیں۔
اکبر الدین اویسی دارالسلام میں مجلس کی جانب سے منعقدہ عید ملاپ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے تقریب میں شریک پارٹی کارکنوں اور محبانِ مجلس کو نقیب ِ ملت اور صدرِ مجلس بیرسٹر اویسی کی پارلیمانی حلقہ حیدرآباد سے کامیابی کے لیے پوری طاقت اور اتحاد کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ لینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اگر ہم اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں گے تو کوئی طاقت نقیب ِ ملت کو شکست نہیں دے سکتی۔
انھوں نے کہا کہ جماعت ہماری متاعِ عزیز ہے۔ اپنی انفرادیت اور شخصیت کو کبھی بھی جماعت پر غالب ہونے نہ دیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسد الدین اویسی اور تمام اراکین اسمبلی عوام کے مسائل کے حل کے لیے اور ناانصافیوں کے خلاف حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر آواز بلند کرتے ہیں۔
اکبر اویسی نے پارلیمنٹ کے آخری اجلاس میں بیرسٹر اسد الدین اویسی کی تقریر کو بے باک اور جرأتمندانہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات نازک ہیں، بے روزگاری اور مہنگائی عروج پر ہے، پٹرول، گیاس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عروج پر ہیں، ملک کی سرحدوں کی حکومت کو کوئی پرواہ نہیں ہے، ٹوپی اور داڑھی رکھنے والوں کو ہجومی تشدد کے ذریعہ نشانہ بنایا جارہا ہے اور گولیاں ماری جارہی ہیں۔
حجاب، مندر، مسجد کے نام پر مسلمانوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ ان حالات میں نقیب ِ ملت کو پہلے سے زیادہ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب بنانے کی ضرورت ہے۔ اکبر اویسی نے فخر ملت عبدالواحد اویسیؒ، سالارِ ملت سلطان صلاح الدین اویسیؒ اور دیگر مجلسی قائدین کو جنہوں نے اپنی قربانیوں سے ایم آئی ایم کو مضبوط اور مستحکم بنایا ہے ان کی خدمات کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے محبانِ مجلس پر زور دیا کہ پارلیمانی حلقہ حیدرآباد ہمارے وقار کا مسئلہ ہے۔ حیدرآباد حلقہ کی شان، آن بان اور وقار کو کبھی کمزور نہ ہونے دیں اور پارلیمانی انتخابات میں بیرسٹر اویسی کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کریں۔
قبل ازیں معتمد ِ عمومی سید پاشاہ قادری سابق ایم ایل اے نے بھی خطاب کیا۔ شہ نشین پر اراکین اسمبلی احمد بلعلہ، محمد مبین، میر ذوالفقار علی، جعفر حسین معراج، کوثر محی الدین، محمد ماجد خان، ریاض الحسن آفندی، مرزا رحمت بیگ، اراکین کونسل سید امین الحسن جعفری سابق ایم ایل سی موجود تھے۔ اس تقریب میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔