بریکنگ: ایران نے اسرائیل پر حملہ کر دیا، درجنوں ڈرونس اور میزائلوں کی صیہونی مملکت پر یلغار

[]

تہران: ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرون اور میزائلس کے ذریعہ حملہ کردیا ہے۔ ایرانی اسلامی انقلابی گارڈ کارپس (آئی آر جی سی) نے اس بات کی توثیق کی ہے۔

آئی آر جی سی نے ہفتے کی شام بتایا کہ اس نے آپریشن ’’سچا وعدہ‘‘ (True Promise) کے تحت اسرائیل کی طرف ڈرون اور میزائل فائر کئے ہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام “اسرائیلی جرائم” کی سزا کا حصہ ہے۔

فوجی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ شام نے بھی امکانی اسرائیلی حملے کی صورت میں دارالحکومت دمشق اور بڑے فوجی اڈوں کے ارد گرد اپنے روسی ساختہ فضائی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

ادھر عراق، اردن اور اسرائیل نے بھی اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

واضح رہے کہ شام میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی حملے میں IRGC کے سات ارکان کی ہلاکت کے تقریباً دو ہفتے بعد ایران کا جواب سامنے آیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ہفتے کی شام دیر گئے بتایا کہ ایران نے اپنی سرزمین سے اسرائیل کی سرزمین کی طرف بغیر آدمی والی وہیکلس (ڈرونس وغیرہ) لانچ کئے ہیں۔

انہوں نے ٹیلیویژن خطاب میں کہا کہ ہم ہائی الرٹ اور تیاری پر ہیں۔ ڈرونز کو اسرائیل کی فضائی حدود تک پہنچنے میں کئی گھنٹے لگیں گے۔

اسرائیل یکم اپریل کو دمشق میں ایرانی قونصل خانہ پر اپنے حملے کے بعد سے سخت چوکس ہے حالانکہ اس نے اس حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

ایران نے بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا اور جوابی حملے کی توقع کی جا رہی تھی جبکہ صدر اسرائیل بنجمن نیتن یاہو نے ہفتے کے روز ہی کہا تھا کہ اسرائیل ایران سے براہ راست حملے کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا کہ اسرائیل، ایران اور خطے میں اس کے اتحادیوں کی طرف سے اس کے خلاف منصوبہ بند حملے کی قریب سے نگرانی کر رہا ہے۔

اسرائیل پر ایرانی حملوں کی واشنگٹن نے بھی تصدیق کردی ہے۔ اس نے کہا کہ ایران نے اسرائیل کے خلاف ہوائی حملے شروع کر دئیے ہیں جن کا اثر ہمیں چند گھنٹوں میں دکھائی دے گا۔

اسی دوران امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان ایڈرین واٹسن نے ایک بیان میں کہا کہ صدر امریکہ جو بائیڈن کو ان کی قومی سلامتی ٹیم باقاعدگی سے اپ ڈیٹ دے رہی ہے اور اسرائیلی حکام، امریکی شراکت داروں اور اتحادیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *