[]
لندن: برطانوی حکومت نے ملک میں آنے والے افراد کی تعداد کو محدود کرنے کیلئے نئے قواعد لاگو کردیے ہیں۔ نئے قواعد کے تحت ہنر مند اور فیملی ویزا پر برطانیہ آنے والوں کیلئے کم از کم تنخواہ کی شرط میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اسکلڈ ورکرز کے برطانوی ویزا کیلئے تنخواہ کی حد 26ہزار 200 سے بڑھا کر 38 ہزار 700 پاؤنڈ کی گئی ہے تاہم کم از کم تنخواہ کی حد ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر اور ٹیچرز وغیرہ پر لاگو نہیں ہوگی۔
نئے قواعد کے تحت سوشل کیئر کے شعبے میں کام کرنے والے افراد اب زیر کفالت افراد کو برطانیہ نہیں لا سکیں گے۔ برطانوی حکومت کی جانب سے فیملی ویزا کیلئے بھی کم از کم تنخواہ کی حد 18 ہزار600 سے بڑھا کر 29ہزارپاؤنڈ کی گئی ہے۔
فیملی ویزا کیلئے کم از کم تنخواہ کی حد کو 2025 تک پہلے 34 ہزار500 اور پھر 38 ہزار 700 پاؤنڈ کردیا جائے گا تاہم فیملی ویزا پر مقیم افراد پر ویزا کی تجدید کے وقت نئے قواعد کا اطلاق نہیں ہوگا۔