آسٹریلیا کا فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر غور

[]

کینبرا: آسٹریلیا کی وزیرخارجہ پینی وانگ نے تنازع فلسطین کا خاتمہ دو ریاستی حل کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے پر غور کریں گے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی وزیرخارجہ پینی وانگ نے آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی میں ایک تقریر کے دوران کہا کہ ان کی حکومت فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے پر غور کرے گی جبکہ ان کا اعلان عالمی سطح پر مختلف ممالک کی جانب سے تنازع کا حل دو ریاستوں کے قیام قرار دینے کے بعد آیا جو ان کی سابقہ پالیسی کے برعکس ہے۔

پینی وانگ نے برطانیہ کے وزیرخارجہ ڈیوڈ کیمرون کے اس بیان کی حمایت کی ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ سمیت فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے سے تنازع کا دو ریاستی حل ممکن ہوگا۔

آسٹریلیا کی وزیرخارجہ نے کہا کہ عالمی برادری دو ریاستی حل کی طرف اقدامات تیز کرنے کے لیے فلسطینی ریاست پر بحث کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشیدگی کے ناختم ہونے والے سائیکل کو توڑنے کے لیے دو ریاستی حل واحد امید ہے۔پینی وانگ نے اس امکان کو مسترد کردیا کہ غزہ کی حکمران حماس کا اس میں کوئی کردار ہوگا اور کہا کہ مستقبل کی فلسطینی ریاست میں حماس کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ دعویٰ کر رہے ہیں کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا دشمن کو نوازنے مترادف ہے تو وہ غلط ہیں کیونکہ اسرائیل کی اپنی سلامتی دو ریاستی حل پر انحصار کرتی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *