[]
پٹنہ: سابق ڈپٹی چیف منسٹر بہار تیجسوی پرساد یادو کو چہارشنبہ کے روز سوشل میڈیا پر تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا، جنھوں نے نوراتری کے دوران ہیلی کاپٹر میں بیٹھ کر مچھلی کھانے کا ویڈیو شیئر کیا تھا۔
پرساد نے نوراتری کے پہلے دن 9 اپریل کو یہ ویڈیو شیئر کیا تھا، جس میں انھیں ہیلی کاپٹر میں پرواز کے دوران وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے صدر مکیش ساہنی کے ساتھ کھانا کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس ویڈیو کلپ میں پرساد اور ساہنی کو مچھلی اور روٹی کھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جب کہ تیجسوی یہ وضاحت کررہے ہیں کہ وہ انتخابی مہم کے دوران تیزی سے کھاتے ہیں۔
ساہنی نے ایک مرچی دکھاتے ہوئے اپنے حریفوں پر طنز کیا اور کہا کہ شاید یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد وہ جل جائیں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے تیجسوی پرساد پر خوشامد کی سیاست کرنے پر تنقید کی اور انھیں ”موسمی سناتنی“ قرار دیا۔
بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر وجئے کمار سنہا نے زور دے کر کہا کہ شراون کے دوران مٹن کھانا اور نوراتری کے دوران مچھلی استعمال کرنا سناتنی کے اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے پرساد پر خوشامد کی سیاست میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔