[]
اسلام آباد: یوسف رضا گیلانی بلا مقابلہ 9ویں چیئرمین سینیٹ جبکہ سیدال خان ناصر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق دونوں امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
آج ہونے والے سینیٹ اجلاس میں نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھایا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر بھی ایوان بالا پہنچے، اور ان کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔
پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی طفر نے سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا اجلاس غیر آئینی ہے، خیبر پختونخوا کے سینیٹرز کے بغیر یہ ایک نامکمل سینیٹ ہے، سینیٹ ایک ہاؤس آف فیڈریشن ہے، اس میں ہر صوبے کو نمائندگی کی اجازت ہے، کسی ایک صوبے کی نمائندگی کے بغیر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن نہیں ہوسکتا، آرٹیکل59 کہتا ہے کہ سینیٹ میں 96 ممبران ہونے چاہیے اور ہر صوبے سے 26 سینیٹرز ہونے چاہیے، اور آرٹیکل 60 کہتا ہے کہ آرٹیکل 59 کے مطابق جب باضابطہ سینیٹ کی تشکیل ہو جاتی ہے تب ہی چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہ سینیٹ مکمل نہیں ہوتا تب تک کسی قسم کا الیکشن اخلاقی اور قانونی طور پر ناجائز ہوگا، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کا کردار بہت اہم ہوتا ہے، وہ ہم سبن کے چیئرمین بھی ہوں گے تو یہ نہیں ہوسکتا کہ اتنے اہم عہدے کو سیاست کی نذر کردیں، الیکشن کمیشن ہر وہ اقدام اٹھاتا ہے جو آئینی بحران پیدا کرے، مخصوص نشستوں کے بغیر، وزیر اعظم، صدر اور وزیر اعلی پنجاب کا انتخاب کروادیا لیکن خیبرپختونخوا کے سینیٹرز کی باری آئی تو کمیشن نے اسے روک دیا، اس وقت حقیقیت یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کا کوئی بھی یہاں موجود نہیں۔