[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کےا جلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران شام میں ایرانی سفارتخانے پر صہیونی حملے پر شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی حکومت جرائم کی تمام حدیں پار کرچکی ہے۔ غاصب حکومت کی جنایات بڑھنے کے ساتھ دنیا میں اس سے نفرت کی لہر میں تیزی آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی حکومت کی جنایتوں میں اضافے سے وہ مزید کمزور اور مقاومت کا عزم مزید بڑھ جائے گا۔ خطے میں امریکہ اور اسرائیل کی غنڈہ گردی کا زمانہ گزر گیا ہے۔ حالیہ دہشت گرد حملے طوفان الاقصی کے بعد صہیونی حکومت کی تباہی کے آثار ہیں۔
قالیباف نے مزید کہا کہ ایرانی بہادر قوم شام میں جارحیت پر اسرائیل کو عبرتناک سبق سکھائے گی۔ ان واقعات سے صہیونی حکومت کی تباہی کا سلسلہ مزید تیز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یوم القدس کے موقع پر عوام کی کثیر تعداد میں ریلیوں میں شرکت سے دنیا میں عدالت خواہوں اور حریت پسندوں کو مزید حوصلہ دیا ہے۔ ایران نے ہمیشہ دنیا کے مظلوموں کا ساتھ دیا ہے جن میں فلسطینی عوام سرفہرست ہیں۔اللہ کے فضل و کرم اور عوام کی کوششوں کے نتیجے میں بیت المقدس کی آزادی کا خواب پورا ہوجائے گا۔