[]
ماسکو: روس نے کہا کہ اُس نے ڈیم پھٹ پڑنے کے بعد سیلاب آجانے کے باعث قازکستان کی سرحد کے قریب واقع اورن برگ میں زائداز 4000 افراد کا تخلیہ کردیا اور انہیں محفوظ مقامات کو منتقل کردیا۔
اورن برگ کے گورنر کے دفتر نے بتایا کہ 4208 افراد کا جن میں 1019 بچے بھی شامل ہیں تخلیہ کرادیا گیا اور طوفانی بارش کی وجہ سے جمعہ کو ڈیم ٹوٹ جانے کے باعث سیلاب سے زائداز 2500 مکانات متاثر ہوئے۔
گورنر ڈینس پاسلر نے بتایا کہ سیلاب شدید نوعیت اختیار کرچکا تھا اور وضاحت کی کہ اورسک میں صورتحال کافی خراب ہوگئی تھی جو ایک سرحدی شہر ہے جہاں 230000 افراد رہتے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ صرف اورسک میں 2000 افراد کا ان کے گھروں سے تخلیہ کرایا گیا۔ اورسک اورن برگ علاقہ کی اورال پہاڑیوں پر واقع ہے۔
تاہم حکام نے کہا کہ سارے علاقہ میں صورتحال تشویش ناک ہے اور اورن برک کی اورال ندی میں پانی کی سطح خطرناک ہوگئی ہے۔ وزارت ہنگامی خدمات کے ویڈیو فوٹیج میں شہریوں کو لائف بورڈس کے ذریعہ محفوظ مقامات کو منتقل کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
یہ افراد زندگی بچانے والے جیاکٹس پہنے ہوئے تھے، ہزاروں گھر زیر آب آگئے ہیں۔ ڈیم 2014 میں تعمیر کیا گیا تھا۔ روس نے تعمیر کے سلسلہ میں تحفظ کے قواعد کی خلاف ورزی اور لاپرواہی کے سلسلہ میں فوجداری مقدمہ کا اندراج عمل میں لایا ہے۔