[]
ریاض ۔ کے این واصف
رمضان کے آخری عشرے میں ویسے پانچ طاق راتیں آتی ہیں لیکن اجماع ۲۷ ویں شب کو شب قدر تصور کرتا ہے۔ لہٰذا ۲۷ وین شب کو عشاء اور تراویح کے لئے حرمین شریفین میں زائرین کی ریکارڈ تعداد نماز کی سعادت حاصل کرتی ہے۔ جمعہ کی شب مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں بیرون ملک اور اندرون مملکت سے لاکھوں افراد نے 27 شب کی تراویح اور دعا میں شرکت کی۔
خبر رساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں افراد عشا اور تراویح ادا کرنے کے لیے مغرب کے بعد ہی سے پہنچنے لگے تھے۔مسجد الحرام میں تراویح کے براہ راست مناظر نشر کیے گئے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد الحرام کے دالان، تہہ خانے، چھت ، تیسری توسیع، اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔
انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں آنے والوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔مسجد الحرام میں آمد ورفت کے راستے جدا رکھے گئے تاکہ لوگ آرام سے مسجد الحرام میں داخل ہوسکیں۔ازدھام کی کیفیت کو دیکھتے ہوئے ادارہ امن عامہ کی جانب سے لوگوں کو موبائل پر خصوصی پیغامات بھی بھیجے جاتے رہے۔ادارہ امن عامہ کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات میں لوگوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ مسجد ازدھام کے پیش نظر الحرام آنے کے بجائے اپنے ہوٹلوں یا گھروں کے قریبی مساجد میں نماز ادا کریں۔
انتظامیہ کے جاری عداد و شمار کے مطابق روضہ رسول ﷺ پر سلام کےلیے 16 لاکھ 43 ہزار 288 افراد آئے جبکہ ریاض الجنہ کے لیے 3 لاکھ 58 ہزار 632 مرد جبکہ 2 لاکھ 96 ہزار 595 خواتین کو پرمٹ جاری کیے گئے۔