[]
نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے دہلی کی وزیراورعام آدمی پارٹی قائد آتشی کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے اوران سے کہاہے کہ وہ اپنے اس بیان کے بارے میں حقائق پیش کریں کہ بی جے پی نے انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔
واضح رہے کہ بی جے پی قبل ازیں کمیشن سے رجوع ہوئی تھی اوران کے اس دعویٰ کی مخالفت کی تھی کہ پارٹی نے کسی قریبی شخص کے ذریعہ ان سے رابطہ کیاتھا اورانہیں اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہاگیاہے ’آپ حکومت دہلی کی ایک وزیرہیں اورایک قومی جماعت کی لیڈر ہیں۔
قائدین کی جانب سے پبلک فورم میں جوکچھ بھی کہاجاتاہے لوگ اس پر یقین کرتے ہیں۔ اس لحاظ سے قائدین کی جانب سے دیئے گئے بیانات سے رائے دہندے متاثر ہوتے ہیں۔‘
الیکشن کمیشن نے کہاکہ اسے توقع ہے کہ عام آدمی پارٹی قائدنے جوبیانات دیئے ہیں ان کی کوئی نہ کوئی بنیاد ہوگی چونکہ ان بیانات کی صداقت کوچالینج کیاگیاہے اسی لئے انہیں حقائق پیش کرناچاہئے۔ عام آدمی پارٹی قائد سے کہاگیاہے کہ وہ پیرکی دوپہر تک جواب داخل کریں۔