راہول گاندھی نے وایناڈ سے پرچہ نامزدگی داخل کردیا

[]

وایناڈ: کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو کیرالہ کے وایناڈ پارلیمانی حلقے سے انتخابات کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔

اس دوران گاندھی کے ساتھ ان کی بہن اور کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا بھی موجود تھیں۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے مسٹر گاندھی نے وایناڈ کے کلپٹہ سے سول اسٹیشن تک روڈ شو بھی کیا۔ روڈ شو میں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

 یو ڈی ایف کے سینکڑوں کارکن روڈ شو کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔ اس کے علاوہ، مختلف عمر کے لوگ مسٹر گاندھی کی تصویر کے ساتھ پارٹی کے جھنڈے، پلے کارڈز اور پارٹی کے رنگ والے غبارے لے کران کے استقبال کے لئے سڑکوں کے کنارے جمع ہوئے۔

اس موقع پر گاندھی نے کہا کہ وہ وایناڈ کے مسائل کو ملک اور دنیا کے سامنے لانے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکز اور کیرالہ میں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ریاست کے تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ یہاں اصل مقابلہ مسٹر گاندھی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے رہنما اور لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کی امیدوار اینی راجہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر کے سریندرن کے درمیان ہے۔

روڈ شو کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ وایناڈ ان کا گھر ہے۔ یہاں کے لوگ ان کے خاندان کے افراد کی طرح ہیں۔ بھرپور تاریخ اور خوبصورت روایات کی یہ سرزمین انہیں متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’میں وایناڈ کے لوگوں کا ان کی غیر متزلزل حمایت کے لئے بے حد مشکور ہوں۔ ہم انصاف کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، ایسے میں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق آپ میں سے ہر ایک کی خدمت کرنے کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں۔

قابل ذکر ہے کہ گاندھی نے سال 2019 میں وایناڈ پارلیمانی حلقہ سے چار لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے بھاری فرق سے جیت حاصل کی تھی۔ انہیں کل 1092197 ووٹوں میں سے 706367 ووٹ ملے تھے، جب کہ ان کے قریبی حریف کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے پی پی سنیر نے 274597 ووٹ حاصل کیے تھے۔ کیرالہ میں لوک سبھا انتخابات کے لیے ووٹنگ 26 اپریل کو ہوگی۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *