[]
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) لوک سبھا انتخابات میں 180 سے زیادہ سیٹیں جیتنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
آج یہاں انڈیا گروپ کی “جمہوریت بچاؤ” مہاریلی سے خطاب کرتے ہوئے گاندھی نے کہا کہ کرکٹ میں ایک لفظ ‘میچ فکسنگ’ ہوتا ہے۔ مسٹر مودی اس الیکشن میں میچ فکسنگ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا 400 کو پار کا نعرہ، بغیر ای وی ایم، بغیر میچ فکسنگ کے 180 کو پار کرنے والا نہیں ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا، “نریندر مودی ‘میچ فکسنگ’ کے ذریعے الیکشن جیت کر آئین کو بدلنا چاہتے ہیں۔ پلیئرخرید کر، کپتان کو ڈرا دھمکا کر، امپائروں پر دباؤ ڈال کر اور ای وی ایم کے دم پر 400 پار کا نعرہ لگارہے ہیں۔ جب کہ حقیقت میں سب ملا کر بھی 180 کو عبور کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔”
مسٹر گاندھی نے کہا کہ یہ الیکشن صرف حکومت بنانے کا الیکشن نہیں ہے، یہ ملک کو بچانے اور آئین کی حفاظت کا الیکشن ہے۔