[]
ریاض ۔ کے این واصف
شاعری جذبات کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے۔ شاعری کا مادہ شعر ہے۔ “آتے ہیں غیب سے یہ مضامین خیال میں”۔ کے مصداق یہ مضامین الفاظ میں ڈھلتے ہیں اور قرطاس پر بکھرجاتے ہیں۔ صریر خامہ سے نکل کر کاغذ پر پھیلے یہ شعر لکھنے والے کی ذہنی سطح، پرواز خیال، سوچ و فکر، اس کے حلقہء نشست و برخاست کا پتہ دیتی ہیں۔ “انڈین فرینڈز سرکل ادبی فورم” ریاض ایک ایسا حلقہ احباب ہے جن کے شعری اور نثری تخلیقات میں سخنوری کے تقاضوں تکمیل کے ساتھ ملت کی تعمیری تنقید و فکر، سماجی ناسور کی نشاندہی، ماحول میں پھیلی برائیوں کی طرف اشارے ملتے ہیں۔ ادب کے مختلف اصناف میں معقول دخل رکھنے والے طاہر بلال صاحب کی قیادت میں روان “ادبی فورم ریاض” پابندی سے ادبی نشستوں کا اہتمام کرتا ہے۔
جمعرات کی شب ادبی فورم نے معروف شاعر ، ادبی حلقوں کی جانی مانی شخصیت جناب مظفر نایاب کی خیرمقدمی تقریب کا اہتمام کیا۔ صدر ادارے ادب اسلامی قطر مظفر نایاب کے اعزاز میں سجائی گئی اس محفل کی صدارت فورم کے سابق صدر ابو نبیل خواجہ مسیح الدین نے کی۔ کوہنہ مشق افسانہ نگار و شاعر ابو نبیل بھی ان دنوں ریاض میں وزٹ پر آئے ہوئے ہی۔ صدر فورم طاہر بلال نے مہمانان کا خیرمقدم کیا۔ محفل کا آغاز انجینئر سہیل احمد کی قراءت کلام پاک سے ہوا۔ جمیل آکولوی نے نعت مبارکہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ فورم کی رویت کے مطابق یہ محفل بھی دو حصوں پر مشتمل رہی۔ نثری حصہ میں سب سے پہلے وسیم قریشی نے اپنا افسانہ “جعلی رستم” پیش کیا۔ جس کے بعد افسانے کی زمین میں مضبوطی سے قدم جمائے ہوئے “ زمین سے بچھڑے لوگ” کے خالق تنویر احمد تماپوری نے اپنا افسانہ “مکافات” پیش کیا۔ نثری نشست کا اختتام کے این واصف کے دو افسانچوں “قطع تعلق” اور “شانہ نشانہ” پر ہوا۔
شعری نشست میں جن شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کرکے داد و تحسین حاصل کی ان میں ممتاز دانش، ضیا عرشی، جمیل آکولوی، حسان عارفی، اکرم علی اکرم، منصور قاسمی، طاہر بلال، سلیم کاوش، مظفر نایاب اور ابو نبیل خواجہ مسح الدین شامل تھے۔ صدر محفل ابو نبیل نے اپنے صدارتی کلمات میں ادبی فورم کے اراکین کی ستائش کی جنہوں نے فورم کو آباد اور سرگرم رکھا ہوا ہے۔ انھوں نے مہمان خصوصی مظفر نایاب کو ادارئے ادب اسلامی کی ایک فعال شخصیت، ایک بلند پایہ شاعر بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی شاعری میں علامہ اقبال کا آہنگ نظرآتاہے۔
مظفر نایاب نے ان کے اعزاز میں اس محفل کا اہتمام کرنے پر ادبی فورم ریاض کا شکریہ اداکیا۔ انھوں نے کہا کہ اس محفل کے انعقاد نے انھیں اپنے دیرینہ رفقاء اور قابل قدر احباب سے ملاقات کا موقع عطا کیا۔ ادب میں ہرفن مولا کی حیثیت رکھنے والی شخصیت منصور قاسمی نے ماہرانہ اسلوب نظامت سے محفل کو دلچسپ اور بشاش رکھا۔ تقریب کے روح رواں ضیاعرشی کے ہدیہ تشکر پر اس یادگار محفل کا اختتام عمل میں آیا۔