[]
حیدرآباد: محکمہ اقلیتی بہبود نے تاریخی مکہ مسجد میں ماہ رمضان کے تیسرے اور چوتھے جمعہ کو ایم بی ٹی اور مجلس اتحاد المسلمین کو جلسہ یوم القرآن منعقد کرنے کے لئے دی گئی اجازت کو منسوخ کردیا۔
چنانچہ آج مکہ مسجد میں ایم بی ٹی کی جانب سے بعد نماز جمعہ جلسہ یوم القرآن منعقد نہیں ہوسکا۔ اس ضمن میں محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جاری کردہ جی او نمبر29 مورخہ23 مارچ میں بتایا گیا ہے کہ چونکہ الیکشن کمیشن نے لوک سبھا اور سکندرآباد کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے ضمن میں 16 مارچ کو انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے،
اس لئے مجلس بچاؤ تحریک اور آ ل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کو جلسہ یوم القرآن منعقد کرنے کیلئے جاری کئے گئے اجازت ناموں کو منسوخ کردیا گیا ہے تاکہ مسجد کو انتخابی مہم کے لئے استعمال نہ کیا جاسکے۔
بتایا گیا ہے کہ اس ضمن میں 23 مارچ کو جاری کردہ احکام سے کل رات تک بھی ایم بی ٹی کو واقف نہیں کروایا گیا۔ چنانچہ ایم بی ٹی کی جانب سے جمعہ کو جلسہ یوم القرآن منعقد کرنے کیلئے تمام تیاری کرلی گئی تھیں۔لاوڈاسپیکر و دیگر سامان مکہ مسجد لیجایا جارہا تھا۔
اس دوران سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد نے جلسہ کے اجازت کی منسوخی سے ایم بی ٹی قائدکو واقف کروایا۔ جس کے بعد سامان کو مکہ مسجدآنے سے روکدیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایم بی ٹی قائد امجد اللہ خا ن نے سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سے اس سلسلہ میں ربط پیدا کیا اور اچانک جلسہ کی منسوخی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ ماہ رمضان کے پہلے جمعہ اور چوتھے جمعہ کو جلسہ یوم القرآن منعقد کرنے مجلس کو اجازت دی گئی تھی۔
رمضان کے پہلے جمعہ کو مجلس کا جلسہ یوم القرآن منعقد کیا گیا۔ جس کو صدر مجلس بیر سٹر اسد الدین اویسی و دیگر نے خطاب کیا تھا۔ دوسرے جمعہ میں مجلس علماء دکن کی جانب سے جلسہ یوم القرآن منعقد کیا گیا۔ تاہم تیسرے اور چوتھے جمعہ کے جلسوں کو منسوخ کردیا گیا۔