[]
نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ کی سی اے اے ہیلپ لائن کے ذریعہ اخبار ”دی ہندو“ کو موصولہ جواب کے مطابق کسی درخواست گزار کے مذہب کی توثیق کیلئے مقامی پجاری بھی ”اہلیتی سرٹیفکیٹ“ جاری کرسکتا ہے۔
یہ سرٹیفکیٹ ایک لازمی دستاویزات ہے جسے ایک حلف نامہ اور دیگر دستاویزات کے ساتھ منسلک کرنا ہوگا۔ امیدواروں کو یہ دستاویزات اور حلفنامہ سی اے اے پورٹل پر اپلوڈ کرنا ہوگا۔
یہ بھی بتانا ہوگا کہ درخواست گزار کی وجوہات کی بنیاد پر ہندوستانی شہریت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ عام انتخابات سے چند دن پہلے 11 مارچ کو وزارت نے شہریت ترمیمی قانون 2024 کے قواعد کا اعلان کیا تھا اور قانون سازی کو منظوری دیئے جانے کے 4 سال بعد سی اے اے کے نفاذ کی راہ ہموار کی تھی۔
وزارت نے سی اے اے کے بارے میں معلومات اور مدد حاصل کرنے ایک ہیلپ لائن نمبر 1032 شروع کیا ہے تاکہ درخواست گزار ہندوستان میں کسی بھی مقام سے صبح 8 تا شام 8 مفت فون کرسکیں۔
اخبار’دی ہندو‘ نے 26 مارچ کو اس ہیلپ لائن نمبر پر فون کیا تاکہ اس کے فارمیٹ کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔ فون کا جواب دینے والے شخص نے بتایا کہ سادہ کاغذ پر یا دس روپے کے اسٹامپ پیپر پر درخواست دی جاسکتی ہے۔
اس سوال پر کہ سرٹیفکیٹ کو ن جاری کرسکتا ہے، دی ہندو کو بتایا گیا کہ کسی بھی مقامی پجاری کو اسے جاری کرنے کیلئے کہا جاسکتا ہے۔