[]
ممبئی: ممبئی میں مضافاتی خطہ کے گھاٹ کوپر علاقے میں لال بہادر شاستری (ایل بی ایس) روڈ پر سڑک حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد اور ایک راہ گیر کی موت ہو گئی۔
گھاٹ کوپر تھانے کے حکام کے مطابق، دو بائک سوار اشوک نگر، ساکی ناکہ کے رہنے والے سمیر مصطفی اور مظفر بادشاہ پیر کے روز صبح اپنی بائک پر جنوب کی طرف جارہے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ پیر کی صبح تقریباً 4 بجے سمیر نے سائی ہوٹل کے نزدیک تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک راہگیر کو ٹکر مار دی، جس کی شناخت سریش کے نام سے ہوئی، جس کو شدید چوٹیں آئیں۔
پولس افسر نے مزید کہا کہ سمیر شاید گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا اور سڑک عبور کرنے والے سریش سے ٹکرا گیا اور کئی میٹر دور جاگرا۔ واقعہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوگیا۔ موٹر سائیکل بھی کم از کم 80-90 میٹر تک پھسل گئی جس کے نتیجے میں دونوں موٹرسائیکل سواروں کی موت ہوگئی۔
مقامی لوگوں کی مدد سے تینوں کو راجواڑی اسپتال لے جایا گیا، لیکن انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ پولیس رسمی کارروائی اور متاثرین کی شناخت کے لیے اسپتال پہنچی۔ اس دوران سمیر اور مظفر کی شناخت ان کے دستاویزات سے ہوئی۔ جبکہ سریش کی شناخت بہت بعد میں ہوئی۔