نئی دہلی میں روسی سفارت خانہ پر قومی پرچم نصف بلندی پر

[]

نئی دہلی: ہندوستان میں قائم روسی سفارت خانہ نے سوگ اور غم کی علامت کے طور پر نئی دہلی میں اپنا قومی پرچم نصف بلندی پر لہرایا۔

واضح رہے کہ ماسکو میں کل ایک حملہ میں 60 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے تھے۔ دہشت گردوں نے جو مبینہ طور پر فوجی لباس میں ملبوس تھے، رات تقریباً 8 بجے ماسکو کے کروکس سٹی ہال پر ہلّہ بول دیا تھا۔ انھوں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور کئی دھماکے کیے تھے۔

روسی سفارت خانہ نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ ہندوستان میں روسی سفارت خانہ پر قومی پرچم نصف بلندی پر لہرایا جائے گا۔ ہم مہلوکین کے ارکانِ خاندان سے خلوصِ دل سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں اور تمام زخمیوں کی عاجلانہ صحت یابی کی تمنا ظاہر کرتے ہیں۔

اسلامک اسٹیٹ گروپ نے ٹیلی گرام پر اپنے ایک بیان میں اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا ہے کہ حملہ آور بحفاظت اپنے اڈوں پر واپس ہوچکے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز روس کے عوام کے ساتھ اظہارِ یگانگت کیا اور ملک میں دہشت گردانہ حملہ پر تنقید کی۔

انھوں نے کہا کہ ہم ماسکو میں شرمناک دہشت گرد حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ہماری دعائیں نشانہ بننے والوں کے ارکانِ خاندان کے ساتھ ہیں۔ ہندوستان اس دکھ کی گھڑی میں روسی فیڈریشن کے عوام اور حکومت کے ساتھ اظہارِ یگانگت کرتا ہے۔

روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخروا نے ایکس پر کہا کہ انھیں دنیا بھر کے عام شہریوں کی جانب سے تعزیتی پیام پر مبنی فون کالس موصول ہورہی ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *