دہلی میں عام آدمی پارٹی کا دفتر مہر بند (ویڈیوز)

[]

نئی دہلی: دہلی میں عام آدمی پارٹی کے دفتر کو چاروں طرف سے مہر بند کردیا گیا ہے۔ اس کی سینئر لیڈر آتشی نے آج یہ دعویٰ کیا اور کہا کہ پارٹی اس معاملہ کو الیکشن کمیشن کے علم میں لائے گی۔

انھوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں پارٹی دفتر کو مہربند کرنے پر سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ انتخابات میں برابری کی بنیاد پر مقابلہ کرنے کے تصور کے خلاف ہے، جس کا دستور میں تیقن دیا گیا ہے۔

دہلی کی وزیر نے اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران کسی قومی جماعت کے دفتر تک رسائی کو کس طرح روکا جاسکتا ہے۔ یہ چیز دستورِ ہند میں برابری کی بنیاد پر مقابلہ کے لیے دیے گئے تیقن کے مغائر ہے۔ ہم اس کے خلاف شکایت کرنے الیکشن کمیشن سے وقت مانگ رہے ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے ایک اور سینئر لیڈر اور دہلی کے وزیر سوربھ بھردواج نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نے پارٹی کے دفتر تک رسائی روک دی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک پوسٹ میں کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے رجوع ہوں گے۔ مرکزی حکومت نے آئی ٹی او میں عام آدمی پارٹی کے ہیڈ آفس تک ہر طرح کی رسائی بند کردی ہے۔

بھردواج نے اپنی ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو غیرجانبدار ادارے کی حیثیت سے کام کرنا چاہیے اور پولیس عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنانا چاہیے۔ واضح رہے کہ مرکزی دہلی میں آئی ٹی او کے قریب ڈی ڈی یو مارگ پر عام آدمی پارٹی کے دفتر کو جمعہ کے روز پارٹی قائدین اور والینٹرس کے بی جے پی ہیڈ کوارٹرس پر جو قریب ہی واقع ہے، احتجاج کے دوران مسدود کردیا گیا تھا۔

پارٹی قائدین اور کارکن چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے۔ بھردواج نے کہا کہ دو وزراء کو جن میں وہ خود اور آتشی شامل ہیں، پارٹی دفتر جانے سے روک دیا گیا تھا۔ انھوں نے سوال کیا کہ انتخابات کے دوران کسی قومی جماعت کے دفتر کو کس طرح مہر بند کیا جاسکتا ہے؟

انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ آتشی جس گاڑی میں گھر جارہی تھیں اسے پولیس نے روک دیا۔ آتشی نے ایکس پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کیا، جس میں انھیں دہلی پولیس کے ایک عہدیدار کے ساتھ بحث و تکرار کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ بعض عاپ قائدین پولیس کی جانب سے روکے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر لیٹ گئے تھے۔

بھردواج نے پولیس پر الزام لگایا کہ اس نے عام آدمی پارٹی کے دفتر پر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں اور پارٹی قائدین کو وہاں جانے سے روکا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اس معاملہ میں الیکشن کمیشن سے شکایت کریں گے۔ عام آدمی پارٹی کے دفتر پر جمعہ کے روز ہر طرف سے رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں اور کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔

عام آدمی پارٹی کے قومی کنونیر اروند کجریوال کو 28 مارچ تک ای ڈی کی تحویل میں دیا گیا ہے۔ ایجنسی نے انھیں دہلی حکومت کی موجودہ طور پر منسوخ شدہ ایکسائز پالیسی سے مربوط منی لانڈرنگ کے ایک کیس کے سلسلہ میں جمعرات کے روز گرفتار کیا تھا۔



ہمیں فالو کریں


Google News



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *