چنئی سپر کنگز نے رائل چیلنجرز بنگلور کو چھ وکٹوں سے ہرایا

[]

چنئی: راچن رویندرا کی 37 ، شیوم دوبے ناقابل شکست 34 اور رویندر جڈیجہ کی ناقابل شکست 25 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے افتتاحی میچ میں جمعہ کو رائل چیلنجرز بنگلور(آرسی بی) کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

174 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چنئی سپر کنگز نے پہلے وکٹ کے لئے 38 رنز جوڑے۔ چوتھے اوور میں یش دیال نے کپتان روتوراج گائیکواڈ کو 15 رنز پر آؤٹ کرکے سی ایس کے کو پہلا جھٹکا دیا۔

ساتویں اوور میں رچن رویندرا کو کرن شرما نے آر پاٹیدار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔ انہوں نے 15 گیندوں میں تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے۔

اجنکیا رہانے 11ویں اوور میں آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے۔ انہوں نے دو چھکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر 27 رنز کی اننگ کھیلی۔ ڈیرل مچل نے 18 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔

اس کے بعد شیوم دوبے اور رویندرا جڈیجہ نے اننگ کو سنبھالا اور پانچ رنوں سے زیادہ کی شراکت کرتے ہوئے 18.4 اوور میں چار وکٹوں پر 176 رنز بناکر ٹیم کو چھ وکٹوں سے جیت دلادی۔

شیوم دوبے نے 28 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ رویندرا جڈیجہ نے 17 گیندوں پر ایک چھکا کی مدد سے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔

رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کیمرون گرین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ یش دیال اور کرن شرما نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل نوجوان انوج راوت 48 رنز اور دنیش کارتک کی ناقابل شکست 38 رنوں کی شاندار اننگز کی بنیاد پر رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے چنئی سپر کنگز کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا۔

آج یہاں آرسی بی نے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کے پہلے میچ میں چنئی سپر کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آرسی بی کے لئے سلامی بلے باز وراٹ کوہلی اور کپتان فاف ڈو پلیسس نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے 41 رن جوڑے۔

مستفیض الرحمن نے پانچویں اوور میں دو وکٹ لے کر آر سی بی کو بیک فٹ پر لا دیا۔ ڈوپلیسی 23 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وہیں رجت پاٹیدار کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد چاہر نے گلین میکسویل کو صفر پر آؤٹ کرکے آر سی بی کو تیسرا جھٹکا دیا۔

وراٹ کوہلی نے کیمرون گرین کے ساتھ اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اس دوران وراٹ نے ٹی-20 میں اپنے 12 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ وراٹ کو بھی مستفیض الرحمن نے روندرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ انہوں نے ایک چھکا کی مدد سے 20 گیندوں میں 21 رنز بنائے۔ اس کے بعد مستفیض الرحمان نے کیمرون گرین کو 18 رنز پر بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔

انوج راوت نے 25 گیندوں میں چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 48 رنز بنائے۔ وہ میچ کی آخری گیند پر رن ​​آؤٹ ہوئے۔ دنیش کارتک نے 26 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 38 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے چھٹے وکٹ کے لیے 95 رنز کی شراکت کرتے ہوئے ٹیم کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔

چنئی کے لیے مستفیض الرحمان نے 29 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ دیپک چاہر کوایک وکٹ ملا۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *