چیف منسٹر ریونت ریڈی کی دعوت افطار _ صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی اور دیگر شخصیات کی شرکت

[]

حیدرآباد _ 15 مارچ ( اردولیکس) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔دعوت افطار میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، علماء و مشائخ، دیگر ریاستی وزراء، صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدر اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، صدرنشین حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی، مجلسی ارکان مقننہ احمد بلعلہ، میر ذوالفقار علی، مرزا رحمت بیگ، مرزا ریاض الحسن آفندی، صحافی عامر علی خان کانگریس قائدین ایس کے افضل الدین، مقصود احمد، سمیر ولی اللہ، واجد حسین ،کے غیاث الدین، محند امتیاز اور دوسروں نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا  کہ ریاست کے مسلمانوں کو کانگریس پارٹی کی جانب سے دیئے گئے 4 فیصد تحفظات کو وزیراعظم نریندر مودی یا وزیر داخلہ امیت شاہ ختم نہیں کرسکتے۔ تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہے، کانگریس نے ہی مسلمانوں کو تحفظات فراہم کئے ہیں اور ان تحفظات کو بچانے کی ذمہ داری بھی کانگریس پارٹی پر ہی عائد ہوتی ہے۔ سپریم کورٹ میں بڑے بڑے وکلاء کی مدد سے مسلم تحفظات کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت مسلمانوں کی ترقی و بہبود کی پابند عہد ہے۔ دیگر طبقات کی طرح مسلمانوں کو بھی ہر شعبہ میں مناسب نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کانگریس سیکولر پارٹی ہے جو تمام مذاہب کو ساتھ لے کر چلے گی اور تمام مذاہب کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندو اور مسلم میری دو آنکھ ہیں۔ حکومت کی ترقی اور بہبود کے کام صرف ایک آنکھ سے ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر کو ترقی دینے کی ذمہ داری بھی ان کی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کا پرانا شہر پرانا شہر نہیں بلکہ اصل حیدرآباد وہی ہے۔ انہوں نے اولڈ سٹی کو اوریجنل سٹی قرار دیا۔

 

قبل ازیں صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ تلنگانہ میں فسطائی اور نفرت پیدا کرنے والے طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے کانگریس حکومت کا تعاون کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ امن اور گنگاجمنی تہذیب اور مضبوط ہوگی اور امید کرتے ہیں کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی تلنگانہ کو مزید مضبوط اور خوبصورت بنائیں گے۔ ہماری پارٹی کی طرف سے تمام تعاون دیا جائے گا۔  اس کے لئے ہم کانگریس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ دعوت افطار سے ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر اور دوسروں نے خطاب کیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *