[]
پشاور: بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین کے قریب واقع آر سی ڈی ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں پرتگالی سیاح ہلاک ہو گیا۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق سیاح کی شناخت 28 سالہ نیونو میگول کے نام سے ہوئی جو چہارشنبہ کے روز اپنی موٹرسائیکل پر براستہ ایران پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور اگلے دو سال میں 50 ممالک کے سفر پر نکلے تھے۔
چاغی کے ڈپٹی کمشنر حسن جان بلوچ کے مطابق وہ موٹر سائیکل سوار دو جرمن سیاحوں ٹونی پنکراز لنڈر اور نکلس لینگ کے ہمراہ کوئٹہ کی جانب جارہے تھے، موٹرسائیکل سوار سیاحوں کے ساتھ لیویز اہلکار بھی تھے کہ راستے میں پرتگالی سیاح کی موٹرسائیکل کا ٹرک کے ساتھ تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔
لیویز حکام کے مطابق پک اپ کے ڈرائیور اور اس کے مددگار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سفری دستاویزات کے مطابق پرتگال کا شہری سیاحتی ویزے پر دورہ پاکستان پر تھا، اسلام آباد میں دفترِ خارجہ کو حادثے کی اطلاع دی گئی اور سیاح کی لاش کو اسلام آباد منتقل کرنے اور پرتگال کے سفارت خانے کے حوالے کرنے کے لیے کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔
سیاح کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق وہ اگلے 2 سالوں میں اپنی موٹرسائیکل پر دنیا کے 50 سے زائد ممالک کا سفر کرنے کے مشن پر تھے۔
’مشن اِن پلگ‘ نامی ان کے مشن کا آغاز 21 مئی کو ان کے آبائی ملک پرتگال سے ہوا تھا، یورپی اور مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کا سفر کرتے ہوئے نیونو میگول جولائی میں ایران پہنچے تھے۔
ویب سائٹ پر موجود سفری منصوبے کے مطابق پرتگالی سیاح کا پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا سفر اور پھر براستہ واہگہ بارڈر ہندوستان جانے کا منصوبہ تھا۔