[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے مقاومتی رہنماوں کو ماہ رمضان کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ مہینوں میں مقاومت نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے مقاومتی رہنماوں کے نام پیغام بھیجا ہے جس کا متن ذیل میں پیش کیا جاتا ہے۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
حجت الاسلام و المسلمین جناب سید حسن نصراللہ سیکریٹری جنرل حزب اللہ لبنان
جناب اسماعیل ہنیہ سربراہ سیاسی دفتر حماس فلسطین
جناب زیاد نخالہ سیکریٹری جنرل تحریک جہاد اسلامی فلسطین
سلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
آپ مقاومت کے رہنماوں، جرائم پیشہ صہیونی حکومت سے برسرپیکار مجاہدین، شہداء کے خاندان والوں اور فلسطین اور لبنان کے بہادر لوگوں کی خدمت بہار قرآن اور شہر اللہ ماہ رمضان کی آمد کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
اس سال ماہ رمضان ایسے ایام میں آیا ہے کہ صہیونی حکومت غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کا قتل عام اور انسانیت سوز مظالم کا ارتکاب کررہی ہے۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے اس صورتحال میں کوئی اقدام کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
انسانی حقوق کا دم بھرنے والے ممالک اور صہیونی حکومت کے جرائم کے خلاف فلسطینی عوام اور مجاہدین نے تاریخی استقامت کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس اسرائیل شکست کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ اسرائیل اپنے اہداف کے حصول میں بری طرح ناکام اور اس پر شکست کے آثار ظاہر ہورہے ہیں۔
ایرانی عوام رمضان کے مبارک لمحات میں اپنے فلسطینی بھائیوں اور مقاومت کی کامیابی اور فتح کے لئے دعا گو ہیں۔
حسین امیر عبداللہیان