[]
حیدرآباد: تلنگانہ میں آر ٹی سی ملازمین کو ریاستی حکومت میں ضم کرنے کا چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ہوئے کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا۔ کابینہ کے فیصلے کے مطابق ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا بل تیار کیا اور حکومت جاریہ اسمبلی سیشن میں اس بل کو اسمبلی میں منظور کروانے کے منصوبے میں ہیں لیکن اس بل کو راج بھون سے تاحال منظوری حاصل نہیں ہوئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس بل پر گورنر تمیلی سائی سوند راجن نے اپنی رائے کا اظہار نہیں کیا۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ دو دنوں سے اس بل پر انہوں نے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا، سرکاری ذرائع کے مطابق تکنیکی وجوہات کی وجہ سے اس بل کو حکومت نے گورنر کے پاس روانہ کیا تھا۔ یہاں ذکر بے جا نہ ہوگا کہ جاریہ اسمبلی سیشن صرف تین دن کا ہے، کل اور آج کی کاروائی تقریبا قریب الختم ہے جبکہ ایوان کی کاروائی کے لیے صرف ایک دن کا وقت باقی رہ گیا ہے۔
ایسے میں آر ٹی سی ملازمین میں اس بات کو لے کر تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ ملازمین کا یہ کہنا ہے کہ اگر کل تک بل گورنر کی منظوری کے بعد اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا تو پھر یہ کاروائی ٹل سکتی ہے، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئندہ چند ماہ میں انتخابات ہونے والے ہیںں۔ہو سکتا ہے کہ یہ مانسون سیشن اسمبلی کا آخری سیشن ہو، اگر ایسا ہوا تو پھر یہ بل شاید انتخابات کے بعد کے اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جا سکتا ہے۔