ایس بی آئی نے الیکٹورل بانڈس کا ڈیٹا الیکشن کمیشن آف انڈیا کو پیش کردیا

[]

نئی دہلی: اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق منگل کی شام کو الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کو الیکٹورل بانڈس کی تفصیلات اور اعداد و شمار پیش کردیئے ہیں۔

عدالتی حکم کے مطابق اب الیکشن کمیشن آنے والے جمعہ کی شام 5 بجے تک ڈیٹا اکٹھا کر کے پبلک ڈومین میں جاری کرے گا۔

سپریم کورٹ نے پیر کو ایس بی آئی کی ایک درخواست مسترد کردی تھی جس میں بینک نے ڈیٹا الیکشن کمیشن کے حوالے کرنے کے لئے مزید تین ماہ کا وقت مانگا تھا۔

سپریم کورٹ نے دراصل 6 مارچ تک ہی تفصیلات داخل کرنے کا حکم دیا تھا تاہم بینک نے مہلت کی درخواست داخل کردی جس پر عدالت عظمی نے انکار کرتے ہوئے منگل 12 مارچ کو ڈیٹا الیکشن کمیشن آف انڈیا کے حوالے کرنا کا بینک کو حکم دیا تھا۔

چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے اس سلسلہ میں ایس بی آئی کے ساتھ سختی کا معاملہ کیا اور کہا تھا کہ عدالتی احکام کی جان بوجھ کر نافرمانی کی جارہی ہے۔ اگر ایسا پھر ہوتا ہے تو ایس بی آئی کو توہین عدالت کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایس بی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈیٹا کو جمع کرنے، کراس چیک کرنے اور جاری کرنے میں کافی وقت لگے گا، جسے رازداری کو برقرار رکھنے کے لئے مختلف طریقوں سے محفوظ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ15 فروری کو سنائے گئے ایک فیصلے میں سپریم کورٹ نے الیکٹورل بانڈس اسکیم 2018 کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا تھا اور SBI کو فوری طور پر ان کی فروخت روکنے کا حکم جاری کیا تھا۔

اس نے ایس بی آئی سے یہ بھی کہا کہ وہ اپریل 2019 سے خریدے گئے انتخابی بانڈس کی تفصیلات پولنگ باڈی (الیکشن کمیشن) کی سرکاری ویب سائٹ پر اشاعت کے لیے 6 مارچ تک اس کے ہاں جمع کرادے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *