تلنگانہ کے وزرا نے آرٹی سی کی 22 نئی الیکٹرک بسوں کو جھنڈی دکھائی

[]

حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ روڈٹرانسپورٹ کارپوریشن(ٹی ایس آرٹی سی)کی بسوں کے بیڑہ میں نئی بسوں کااضافہ کیاگیا ہے کیونکہ آج نائب وزیراعلی تلنگانہ ملوبھٹی وکرامارکا،وزراپونم پربھاکر اورکومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حیدرآباد کے نیکلس روڈ پر منعقدہ پروگرام میں آرٹی سی کی 22 نئی الیکٹرک بسوں کو جھنڈی دکھائی۔

کرائے کی بنیاد پر حاصل کی جانے والی 500بسیں اگست تک پہنچ جائیں گی۔ یہ سب نان اے سی بسیں ہیں۔ گریٹر حیدرآباد آرٹی سی حکام کا کہنا ہے کہ بسیں پرانی میٹرو ایکسپریس کی جگہ لیں گی۔ خواتین آدھار کارڈ دکھا کر ان بسوں میں مفت سفر کر سکتی ہیں۔

بی ایچ ای ایل،میا ں پور، کنٹونمنٹ، ایچ سی یو، رانی گنج ڈپو میں کے وی 33 پاور لائنیں چارج کرنے کے لیے دستیاب کروائی گئی ہیں۔ دوسری طرف آر ٹی سی اپنے طور پر 565 ڈیزل بسیں فراہم کر رہا ہے۔ اس میں 125 میٹرو ڈیلکس ہیں۔ یہ سب جون میں دستیاب ہوں گی۔

 دیگر 440 بسوں میں سے 300 میٹرو ایکسپریس اور 140 عام بسیں ہیں، ان تمام بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر کی سہولت ہوگی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملوبھٹی وکرامارکا نے کہا کہ پچھلی حکومت میں آر ٹی سی عملہ تنخواہوں کے لیے مشکلات کا شکار تھا۔

 انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ورکرس کو اظہار رائے کی آزادی بھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آرٹی سی کی ترقی کے لئے مدد فراہم کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت عوامی شعبہ کے اداروں کا تحفظ کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ آج 25 الیکٹرک بسیں دستیاب کرائی گئی ہیں، اگست تک جملہ500 الیکٹرک بسیں دستیاب ہو جائیں گی۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی کی ستائش کی۔انہوں نے مرکز سے بات کرنے اور دیہی علاقوں میں سڑکوں کی ترقی کے لیے فنڈ حاصل کرنے پر ریاستی وزیر کومٹ ریڈی کی ستائش کی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *