[]
کانگریس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ راہل گوا کے نجی دورے پر بدھ کی شب دابولم ہوائی اڈے پہنچے تھے، ان کا استقبال کرنے کے لیے بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان ایئرپورٹ کے باہر موجود تھے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بدھ کے روز گوا کے دورے پر تھے۔ انھوں نے 2 اگست کو وہاں پارٹی کے اراکین اسمبلی اور ریاستی یونٹ کے چیف امت پاٹکر سے ملاقات کی جس کی خبر نے بی جے پی خیمہ میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ دراصل راہل گاندھی نے گوا میں پارٹی اراکین اسمبلی اور سرکردہ لیڈروں کے ساتھ عشائیہ کیا اور اس دوران آئندہ لوک سبھا انتخاب کی پالیسی سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ راہل گاندھی کی گوا میں پارٹی لیڈران کے ساتھ ملاقات کی خبر 3 اگست کو پارٹی کے ایک لیڈر نے ہی میڈیا کو دی۔
کانگریس کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ راہل گوا کے نجی دورے پر بدھ کی شب دابولم ہوائی اڈے پہنچے تھے۔ ان کا استقبال کرنے کے لیے بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان ایئرپورٹ کے باہر موجود تھے۔ اس کے بعد راہل پنجی کے نزدیک ایک ہوٹل میں ٹھہرے۔ انھوں نے بتایا کہ راہل نے دیر رات ریاست کے کانگریس اراکین اسمبلی کے ساتھ عشائیہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ گوا کی 40 رکنی اسمبلی میں کانگریس کے تین اراکین ہیں۔ راہل گاندھی نے ان سبھی اراکین اسمبلی اور دیگر سرکردہ پارٹی لیڈران سے ملاقات کے دوران آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخاب سمیت کچھ دیگر اہم ایشوز پر بات چیت کی۔ گوا میں کانگریس کے رکن اسمبلی کارلوس فریرا نے بتایا کہ اس دورے پر راہل گاندھی کا کوئی آفیشیل پروگرام نہیں ہے۔
امت پاٹکر نے بھی اپنے ایک بیان میں راہل گاندھی کے دورہ کو ذاتی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ “راہل کا دورہ نجی ہے، لیکن انھوں نے لوک سبھا انتخاب، پارٹی کو مضبوط بنانے اور دیگر سیاسی ایشوز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔” انھوں نے بتایا کہ راہل گاندھی شمالی گوا میں منوہر انٹرنیشنل ہوائی اڈے سے جمعرات (3 اگست) کی صبح تقریباً 11 بجے نئی دہلی کے لیے روانہ ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔