رمضان میں کاروبار بہتر رہے گا۔ چھوٹے تاجروں کوامید

[]

حیدرآباد : تلنگانہ میں 12 مارچ سے ماہ مقدس رمضان المبارک شروع ہونے جا رہا ہے. رمضان کریم کی آمد کے پیش نظر چارمینار کے اطراف و اکناف گہماگہمی میں اضافہ ہوتا دیکھا جا رہا ہے.

تاجرین کو توقع ہے کہ مقدس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی فروخت میں بھی اضافہ ہوگا۔ عتیق احمد نامی کان کی بالیاں، ہار اور دیگر امیٹیشن جیولری فروخت کرنے والے ایک ہاکر نے کہا اس وقت ہمارا کاروبار مستحکم ہے تاہم رمضان کے دوران خاص طور پر افطار کے بعد لوگوں کی آمد میں اضافہ ہوتا ہے۔

مجھے امید ہے کہ اگلے چند دنوں میں فروخت میں مزید تیزی و بہتری آئے گی۔ ایک اور ہاکر وسیم محمد نے کہا حالیہ عرصہ کے دوران گاہکوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور میں نے گزشتہ تین چار دنوں کے دوران اچھا کاروبار کیا ہے۔

رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ کاروبار میں تین گنا اضافہ کی توقع ہے۔ چارمینار کی سیر کے لئے آنے والے سیاح اور مقامی عوام عطریات کی خریداری میں زیادہ دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں جبکہ کچھ لوگ رنگ برنگی بوتلوں کی خریداری میں مصروف دیکھے گئے۔

ایک عطار فروش محمد فیاض نے کہا ہم مقبول عام عطر جنت الفردوس سے لے کر مشک اور عود تک مختلف انواع کے عطر فروخت کرتے ہیں اور گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران ہمارے کاروبار میں اچھا خاصا اضافہ ہوا ہے ہم امید کر رہے ہیں کہ رمضان المبارک کے پہلے دہے کے دوران کاروبار میں مزید اضافہ ہوگا۔

مکہ مسجد کے باہر دکاندار عبائیوں (برقعہ) اور دیگر ملبوسات بڑے اسٹاک کے ساتھ تجارت میں مصروف ہیں۔

خلیل نامی ایک عبایہ فروش نے کہا یہاں عبایہ کی قیمت سائز اور ساخت کے لحاظ سے 400-800 روپے کے درمیان تک ہے اور گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران عبایہ کی فروخت میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ رمضان کریم کے دوران خواتین کی بڑی تعداد عبایہ خریدتی ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *