[]
اسلام آباد: آصف علی زرداری نے اتوار کے دن پاکستان کے 14 ویں صدر کی حیثیت سے حلف لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائزعیسیٰ نے ایوان صدر میں 68 سالہ قائد کو حلف دلایا۔
آصف علی زرداری‘ ڈاکٹرعارف علوی کی جگہ لیں گے جو ستمبر2023ء میں اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل ہونے کے باوجود مزید پانچ ماہ صدربرقرار رہے۔
آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہبازشریف‘ مسلح افواج کے تمام سربراہ‘ سینئر عہدیداروں اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔ پاکستان پیپلز پارٹی قائد زرداری ہفتہ کے دن دوسری مرتبہ ملک کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے تائیدی سنی اتحاد کونسل امیدوار محمودخان اچک زئی کو ہرایا۔
انہیں پارلیمنٹ میں 411 ووٹ اور تمام 4 صوبائی اسمبلیوں کی بھی تائید حاصل ہوئی۔ ان کے حریف محمودخان اچک زئی کو 181 ووٹ ملے۔ آصف علی زرداری‘ دوسری مرتبہ صدر بنے ہیں۔ قبل ازیں وہ 2008 تا2013 اپنے ملک کے 11 ویں صدرتھے۔ وہ اگست2018ء سے پاکستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا (نیشنل اسمبلی) کے رکن رہے ہیں۔ ان کی پیدائش 1955ء کی ہے۔ ان کی پرورش اور تعلیم کراچی میں ہوئی۔ ان کی شادی پاکستان کے سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی بیٹی بینظیربھٹو سے ہوئی تھی جنہیں دسمبر2007ء میں قتل کردیاگیاتھا۔